کرکٹ ورلڈ کپ کے مشترکہ میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ہی اب عالمی اعزاز حاصل کرنے کے لیے آمنے سامنے ،

آسٹریلیا کا ساتواں فائنل جبکہ کیویز پہلی بار فائنل کھیل رہی ہیں عالمی کپ کی تاریخ میں چھٹا موقع ہے کہ ایک ہی پول سے تعلق رکھنے والی ٹیمیں فائنل میں بھی مدمقابل ہورہی ہیں

ہفتہ 28 مارچ 2015 19:14

کرکٹ ورلڈ کپ کے مشترکہ میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ہی اب عالمی اعزاز حاصل کرنے کے لیے آمنے سامنے ،

میلبرن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) کرکٹ ورلڈ کپ کے مشترکہ میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ہی اب عالمی اعزاز حاصل کرنے کے لیے آمنے سامنے ہیں۔دونوں کے درمیان فائنل اتوار کے روز میلبرن کرکٹ گراوٴنڈ میں کھیلا جارہا ہے۔یہ آسٹریلیا کا ساتواں فائنل ہے۔اس نے اس سے قبل چار مرتبہ 1987، 1999، 2003اور2007 میں عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ 1975اور 1996 کے فائنل میں اسے ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

نیوزی لینڈ کا یہ پہلا ورلڈ کپ فائنل ہے۔ اس سے قبل اس نے عالمی مقابلے کے چھ سیمی فائنل کھیلے ہیں لیکن ہر بار اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔یہ عالمی کپ کی تاریخ میں چھٹا موقع ہے کہ ایک ہی پول سے تعلق رکھنے والی ٹیمیں فائنل میں بھی مدمقابل ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں عالمی کپ کے پول اے میں شامل تھیں۔ دونوں کے درمیان کھیلا جانے والا پول میچ نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے جیتا تھا۔

ٹرینٹ بولٹ نے اس ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لی ہیں نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے تمام آٹھ میچز ہوم گراوٴنڈ میں کھیلنے کے بعد پہلی بار آسٹریلیا پہنچی ہے۔ وہ یہ تمام آٹھ میچز جیت کر اس عالمی کپ کی واحد ناقابل شکست ٹیم بھی ہے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم بیٹنگ میں ایک بڑے سکور کے لیے برینڈن میککلم، مارٹن گپٹل، راس ٹیلر، کین ولیم سن اور کورے اینڈرسن پر انحصار کرتی ہے جبکہ تیز بولنگ اس کی سب سے بڑی قوت ہے۔

سپن بولنگ میں اس کے پاس ڈینیئل ویٹوری جیسے تجربہ کار سپنر موجود ہیں۔مارٹن گپٹل اس عالمی کپ کی سب سے بڑی اننگز 237 ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیل چکے ہیں جبکہ ٹم ساوٴدی نے انگلینڈ کے خلاف33 رنز کے عوض 7 وکٹوں کی کارکردگی دکھائی تھی جو اس عالمی کپ میں اب تک کی بہترین انفرادی بولنگ ہے۔نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ 21 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں۔آسٹریلیا کے مچل اسٹارک 20 وکٹوں کیساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔آسٹریلوی بیٹسمینوں میں گلین میکسویل 324 رنز کے ساتھ قابل ذکر ہیں۔

وقت اشاعت : 28/03/2015 - 19:14:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :