علیم ڈار بدستور زیرعتاب،ورلڈ کپ فائنل میں نظرانداز

فا ئنل میچ میں سری لنکن امپائر کمار دھرماسینا اور رچرڈ کیٹل بروان نے فیلڈ امپائر ز کے فرائض سر انجام دےئے

اتوار 29 مارچ 2015 15:53

میلبورن( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء) بعض فیصلوں کے سبب تنقید کا نشانہ بننے والے پاکستانی امپائرعلیم ڈار اب تک زیرعتاب ہیں، سیمی فائنلز کے بعد ورلڈ کپ فائنل میں بھی انھیں نظراندازکردیاگیا، عام خیال یہی ہے کہ میگا ایونٹ میں اب تک ان کے 2 مبینہ غلط فیصلے اس کی وجہ بنے، اتوار کے میچ میں سری لنکن امپائر کمار دھرماسینا اور رچرڈ کیٹل بروا ن فیلڈ امپائرزہوں گے۔

دھرماسینا بطورپلیئراورامپائر فیصلہ کن معرکے میں شریک ہونے والی واحد شخصیت بن جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے سیمی فائنلز کے بعد فائنل میں بھی علیم ڈار کو نظرانداز کردیا، خیال یہی ہے کہ حالیہ ورلڈکپ میں پاکستانی امپائرکے مبینہ طور پر2 غلط فیصلے اس کی وجہ بنے،بھارت اور بنگلہ دیش کے کوارٹر فائنل میں علیم ڈار نے پیسر روبیل حسین کی گیند نو قرار دی، وہ ان کے خیال میں روہت شرما کی کمرسے اوپر تھی۔

(جاری ہے)

بھارتی بیٹسمین اس پرکیچ ہوگئے تھے،انگلینڈ اورآسٹریلیا کے درمیان میلبورن میں منعقدہ میچ میں انھوں نے جیمز ٹیلر کو ایل بی ڈبلیوقرار دیا، انگلش بیٹسمین نے فیصلے کے خلاف ریویو لے لیا،اسی دوران ٹیلر اور اینڈرسن رن کے لیے دوڑ پڑے جس پر آسٹریلوی فیلڈر میکسویل نے اینڈرسن کیخلاف رن آوٹ کی اپیل کر دی، لیگ امپائر دھرماسینا نے اینڈرسن کو آوٓٹ قرار دے دیا جبکہ ریویو کے تحت علیم ڈار کا ایل بی ڈبلیو کا فیصلہ غلط ثابت ہو گیا تھا۔

آئی سی سی نے اس میچ کے بعد امپائرز کی یہ غلطی تسلیم کی تھی۔ دریں اثنا اتوار کو میلبورن میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل میں امپائرنگ کے فرائض کماردھرماسینا اور انگلینڈکے رچرڈ کیٹل برو انجام دیں گے، ماریس ایرسمس تھرڈ جبکہ ای ین گولڈ فورتھ آفیشل ہوں گے،رنجن مدوگالے کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔دھرماسینا بطورپلیئراورامپائر فیصلہ کن معرکے میں شریک ہونے والی واحد شخصیت بن جائیں گے، وہ 1996کی فاتح سری لنکن ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

وقت اشاعت : 29/03/2015 - 15:53:29