پہلا ون ڈے، بنگلہ دیش کا پاکستان کو جیت کے لیے 330رنز کا ہدف

جمعہ 17 اپریل 2015 17:25

پہلا ون ڈے، بنگلہ دیش کا پاکستان کو جیت کے لیے 330رنز کا ہدف

میر پور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار17اپریل۔2015ء) پہلے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو کامیابی کے لیے 330رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ شیر بنگلہ کرکٹ سٹیڈیم،میرپور میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 329رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کا آغاز عمدہ تھا اور اوپنر تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے پہلی وکٹ کے لیے ٹیم کو 48رنز کا آغاز فراہم کیا،سومیا سرکار 20رنز بنا کر وہاب ریاض کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے، نمبر 3پر آنیوالے محمود اللہ ریاض بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور 5رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔

ان کے بعد وکٹ کیپر مشفیق الرحیم بیٹنگ کر نے کے لیے آئے اور انہوں نے اوپنر تمیم اقبال کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے 178رنز کی شراکت داری قائم کی جو ایک روزہ کرکٹ میں بنگلہ دیش کی جانب سے کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی پارٹنر شپ تھی۔

(جاری ہے)

اس دوران تمیم اقبال نے اپنے کیریئر کی 5ویں اور پاکستان کیخلاف پہلی ون ڈے سنچری سکور کی، وہ15چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 132رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، انکے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شکیب الحسن بیٹنگ کر نے کے لیے آئے اور مشفیق الرحیم کے ساتھ سکور کو تیزی سے آگے بڑھانا شرو ع کیا جس دوران مشفیق الرحیم نے اپنے ون ڈے کیریئر کی تیسری اور پاکستان کے خلاف پہلی سنچری سکور کی، ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ دو بنگلہ دیشی بلے بازوں نے ایک ون ڈے میں سنچری سکور کی۔

وہ 77گیندوں پر 106رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر وکٹوں کی پیچھے سرفراز احمد کا شکار بنے،انکے بعد آؤ ٹ ہونے والے بلے باز صابر رحمان نے 15رنز بنائے تھے۔ شکیب الحسن نے بھی پاکستانی باؤلرز کی دل کھول کر پٹائی کی،وہ 50اوور کی آخری گیند پر وہاب ریاض کی گیند پر 31رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور یوں بنگلہ دیش نے پاکستان کو پہلا ون ڈے جیتنے کے لیے 330رنز کا ہدف دیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال 132اور مشفیق الرحیم 106رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے،پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 4اور راحت علی نے ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔ اس سے قبل پہلے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر نے کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کا کہنا تھا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے اور انکے خیال میں پچ میں موجود باؤنس انکے بلے بازوں کو شاٹس کھیلنے کے لیے مدد فراہم کرے گا۔

بنگلہ دیش کی ٹیم میں مشرفی مرتضی کی جگہ ابو الحسن کو شامل کیا گیا۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ وہ قیادت ملنے پر خوش ہیں اور کوشش کریں گے کہ سیریز میں وائٹ واش کیا جائے، انکی کوشش ہوگی کہ بنگلہ دیش کو کم سے کم سکور پر آؤٹ کیا جائے۔ پاکستان ٹیم میں سعد نسیم اور محمد رضوان کو ون ڈے کیپ دی گئی جبکہ جادوگر آف سپنر سعید اجمل 8ماہ کے بعد انٹر نیشنل کرکٹ میں ایکشن میں نظر آئے،دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، اظہر علی، حارث سہیل، فواد عالم، سرفراز احمد، فواد عالم، وہاب ریاض، جنید خان اور راحت علی شامل ہیں۔

وقت اشاعت : 17/04/2015 - 17:25:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :