محمد حفیظ ورلڈ کرکٹ میں باؤلنگ کیلئے بے چین ‘امتحان دینے کے بعد نتیجے کے منتظر

اتوار 19 اپریل 2015 19:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 اپریل۔2015ء) محمد حفیظ کو امتحان دینے کے بعد نتیجے کا انتظار ہے۔ تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن گذشتہ سال بھارت میں ٹوئنٹی 20 چیمپئز لیگ کے دوران شکوک کی زد میں آیا تھا، آئی سی سی کے تحت ایونٹ نہ ہونے کی وجہ سے انھیں بائیو مکینک ٹیسٹ کی ہدایت نہیں دی گئی۔ نومبر میں پاک نیوزی لینڈ سیریز کے دوران ان کا ایکشن رپورٹ کر دیا گیا، بعدازاں ثابت ہوا کہ بعض گیندوں میں آف اسپنر کے بازو کا خم 15 ڈگری سے متجاوز ہو جاتا ہے، آئی سی سی کی جانب سے پابندی عائد کیے جانے پر انھوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ایکشن کی اصلاح کے لیے کام کیا، دسمبر میں چنئی میں غیر رسمی ٹیسٹ میں بھی حوصلہ افزا نتائج سامنے نہ آنے پر حفیظ نے بہتری لانے کے لیے مزید محنت کی۔

(جاری ہے)

ورلڈ کپ مہم کے دوران برسبین میں باقاعدہ ٹیسٹ کے لیے16 فروری کی تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن آل راؤنڈر انجری کا شکار ہوگئے، وطن واپسی پر انھوں نے ایک ماہ تک فٹنس بحال کرنے کیساتھ ایکشن کی اصلاح کے لیے بھی کام کیا، آئی سی سی سے الحاق رکھنے والی چنئی کی لیب میں ان کا ٹیسٹ 9 اپریل کو ہوا تھا جس کی رپورٹ رواں ہفتے موصول ہونے کا امکان ہے۔ اگر حفیظ بروقت کلیئر ہونے میں کامیاب ہوگئے تو بنگلہ دیش کیخلاف 24 اپریل کو شیڈول واحد ٹوئنٹی 20 میچ اور اسکے بعد ٹیسٹ سیریز میں بھی بولنگ کر سکیں گے، البتہ یہ امر قابل غور ہوگا کہ انکی تمام گیندیں قانونی حد میں قرار دی جاتی ہیں یا کچھ ڈیلیوریز پر پابندی برقرار رہتی ہے۔

وقت اشاعت : 19/04/2015 - 19:02:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :