پشاور میں انٹر ریجنل یوتھ گیمز کے سلسلے میں مردوں کے ریسلنگ ‘باسکٹ بال اور سکواش کے مقابلوں کا آغاز ہوگیا

پیر 20 اپریل 2015 18:24

پشاور میں انٹر ریجنل یوتھ گیمز کے سلسلے میں مردوں کے ریسلنگ ‘باسکٹ بال اور سکواش کے مقابلوں کا آغاز ہوگیا

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء ) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام اور پشاور اپ لفٹ پروگرام کے تعاون سے انٹر ریجنل یوتھ گیمز کے سلسلے میں گزشتہ روز پشاور میں مردوں کے ریسلنگ ‘باسکٹ بال اور سکواش کے مقابلوں کا آغاز ہوگیا اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر برائے قانون عارف یوسف مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ سابق سکواش چیمپئن قمر زمان ‘ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود ‘سیکرٹری آرچری فیڈریشن وصال محمد خان ‘سیکرٹری کے پی اولمپک ایسوسی ایشن ذوالفقار بٹ ‘اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس عزیز اﷲ خان‘سیکرٹری صوبائی ریسلنگ ایسوسی ایشن حاجی عبدالقیوم شینواری ‘ کوآرڈی نیٹر پشاور اپ لفٹ پروگرام صلاح الدین ‘کوچ زاہد خان ‘ڈی ایس او سید ثقلین شاہ ‘جمشید بلوچ ‘امیر زاہد اور دیگر شخصیات موجود تھیں ‘مہمان خصوصی عارف یوسف نے باقاعدہ طور پر مقابلوں کا افتتاح کیا انہوں نے اپنے خطاب میں کھیلوں کا میلہ منعقد کرنے پر ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا طارق محمود اور پشاور اپ لفٹ پروگرام کے عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقع ملے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وژن کو آگے بڑھائیں گے ‘انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک بھر میں کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے بھر پور کام کرنا چاہتے ہیں اور خاص طور پر اس کا نمونہ خیبر پختونخوا میں سامنے آیا ہے جہاں ہر ڈسٹرکٹ کی سطح پر سپورٹس سٹیڈیمز تعمیر کئے جارہے ہیں جو آئندہ سال سے تمام کام کرنا شروع کر دیں گے جس سے کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع ملیں گے اور ہمیں بہترین ٹیلنٹ میسر آئے گا ‘انہوں نے اعلان کیا کہ وہ پشاور میں نیشنل گیمز بھی منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں جلد ہی وہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور وزیراعلیٰ کے مشیر برائے کھیل امجد آفریدی سے بات چیت کریں گے اور پشاور میں 2008 کے بعد پھر نیشنل گیمز کا انعقاد کیا جائے گا ‘ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ پشاور اپ لفٹ پروگرام کے تعاون سے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے زیر اہتمام ان مقابلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں سکواش ‘ریسلنگ اور باسکٹ بال کے مقابلے شامل ہیں جس میں سات ڈویژن کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ‘انہوں نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کریں گے ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل باسکٹ بال مقابلوں میں سوات نے ڈی آئی خان کو 44-23 ، بنوں نے مردان ریجن کو 51-34 اور پشاور نے کوہاٹ کوہاٹ کو 47-38 سے شکست دیکر آگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کیا جبکہ ریسلنگ مقابلوں میں پشاور نے کوہاٹ ، ڈی آئی خان نے بنوں اور مردان نے سوات کو شکست دیکر کامیابی حاصل کی ۔

وقت اشاعت : 20/04/2015 - 18:24:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :