رونالڈو اور میسی میں ریکارڈ قائم کرنے کا مقابلہ

پیر 20 اپریل 2015 19:15

رونالڈو اور میسی میں ریکارڈ قائم کرنے کا مقابلہ

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی نظریں ان دنوں سپینش لیگ پر لگی ہیں جہاں بارسلونا کے لائنل میسی اور ریال میڈرڈ کے کرسٹیانو رونالڈو میں ریکارڈ پر ریکارڈ قائم کرنے کا مقابلہ چلا رہا ہے۔ ایک روز ایک کھلاڑی ریکارڈ قائم کرتا ہے تو دوسرے روز دوسرا کوئی نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیتا ہے۔ ہفتے کو بھی ایسا ہی ہوا۔

پہلے بارسلونا کے لائنل میسی نے ویلنشیا کے خلاف میچ میں گول کرتے ہوئے بارسلونا کی طرف سے 400 گول مکمل کرنے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔ ان سے قبل کوئی کھلاڑی یہ اعزاز حاصل نہیں کر سکا۔ میسی کے بعد باری آئی کرسٹیانو رونالڈو کی جنہوں نے ملاگا کے خلاف میچ میں گول کیا اور اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ اس میچ میں گول کرتے ہوئے انہوں نے رواں سیزن میں ریال میڈرڈ کی طرف سے تمام ترز کے مقابلوں میں 50 گول مکمل کر لئے، یوں وہ دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گے جس نے سپینش کلب کی طرف سے لگاتار 5 سیزن کے دوران تمام مقابلوں میں 50 یا اس سے زائد گول سکور کئے ہوں۔

(جاری ہے)

رونالڈو ایک ہفتہ قبل ہی ریال میڈرڈ کی طرف سے 300 گول کرنے کا سنگ میل عبور کر چکے ہیں، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے تیسرے فٹبالر بھی بنے۔ سپینش لیگ کے رواں سیزن میں دیکھا جائے تو بارسلونا کو ریال میڈرڈ پر اب بھی 2 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے تاہم سپینش لیگ کے گول سکوررز میں رونالڈو کو میسی پر 4 گول کی برتری حاصل ہے۔ رونالڈو نے رواں سیزن کے دوران صرف سپینش لیگ میں 39 گول کئے ہیں جبکہ بارسلونا کے لائنل میسی نے سپینش لیگ میں 35 گول کر رکھے ہیں۔

وقت اشاعت : 20/04/2015 - 19:15:15