فلسطین کا اسرائیلی فٹ بال فیڈریشن کی ممبر شپ معطل کرنے کا مطالبہ

منگل 21 اپریل 2015 11:56

فلسطین کا اسرائیلی فٹ بال فیڈریشن کی ممبر شپ معطل کرنے کا مطالبہ

غزہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار21اپریل۔2015ء) فلسطین نے اسرائیل کی فیفا ممبر شپ معطل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی فٹبال ایسو سی ایشن کے سربراہ جبرائیل رجب نے قرارداد کا مسودہ تیار کیا ہے جس میں ان کا موقف ہے کہ اسرائیل نے فلسطین میں فٹبال کے کھیل کو بڑھنے سے روک دیا ہے جس کے تحت اسے فیفا سے معطل کر دیا جائے۔ دوسری طرف اسرائیلی فٹبال تنظیم کے سربراہ روتم کیمر فیفا اور یورپی فٹبال تنظیم یو ئیفا کے سربراہان سے آئندہ دو ہفتوں میں ملاقات کریں گے ۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فیفا نے اسرائیل پر پابندی عائد کر دی تو اسرائیل کی تمام بین الاقوامی فٹبال سرگرمیاں رک جائیں گی،۔انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ فیصلہ ووٹ کے ذریعے کیا جائے گااور اس سلسلے وہ سب سے ملیں گے ۔

(جاری ہے)

روتم کیمر نے کہا کہ زیورخ میں ہونے والی فیفا کانگریس میں وہ فلسطین کی تجویز پر بات کریں گے اور اس کے علاوہ فیفا کے چیئرمین اوفر اینی اور یورپی تنظیم یو ئیفا سے بھی اس موضوع پر وہ تبادلہ خیال کریں گے ۔

فلسطین نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل نے فلسطینی کھلاڑیوں پر غزہ اور اسرائیل کے زیرِ انتظام غرب اردن کے درمیان سفر کرنے پر پابندی عائد کی ہے اور ان کی کھیلوں کی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈال رکھی ہے ۔ دوسری جانب فیفا کے صدر سیپ بلاٹر نے کہا ہے کہ وہ فلسطینی فٹ بال حکام سے ان کی تجویز واپس لینے کی درخواست کریں گے ۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے فلسطینی کھلاڑیوں کے لئے سفر کرنے کی پابندیوں میں نرمی برتی ہوئی ہے ۔

دو سال قبل فیفا کے صدر سیپ بلاٹر نے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی تھی جس میں ان کے علاوہ دونوں ملکوں کے صدور اور یو ئیفاکے سربراہان بھی شامل تھے ۔ اس فورس کا مقصد یہ تھا کہ وہ فلسطینی شکایات کا جائزہ لے اور انہیں حل کرنے کی کوشش کرے جبکہ گزشتہ برس برازیل کے شہر ساؤ پالو میں فیفا کانگریس میں سیپ بلاٹر نے جبرائیل رجب کو اسی طرح کی قرارداد پیش کرنے سے روکنے پر منا لیا تھالیکن گزشتہ ماہ جبرائیل رجب نے کہا کہ ان کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہوگیا ہے جس کے بعد انہوں نے فیفا سے اسرائیل کوریڈ کارڈدکھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

وقت اشاعت : 21/04/2015 - 11:56:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :