زمبابوے کی ٹیم کو فول پروف سکیورٹی دینگے ، کمشنر کراچی

منگل 21 اپریل 2015 13:12

زمبابوے کی ٹیم کو فول پروف سکیورٹی دینگے ، کمشنر کراچی

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کا کہنا ہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کو آئندہ ماہ فول پروف سیکیورٹی فراہم کریں گے۔ زمبابوے کی ٹیم کراچی میں ایک ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ دورے میں مہمان ٹیم کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایک، ایک ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گی۔

میچز سے کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ کا دوبارہ آغاز ہو رہا ہے۔ شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ پی سی بی نے زمبابوین ٹیم کو کراچی میں شیڈول میچز کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پیغام اسپورٹس فار پیس ہے۔ کراچی میں زمبابوے کی میزبانی ہمارے لیے اعزاز ہے۔

(جاری ہے)

سیریز کے انعقاد سے شہر اور ملک کا مثبت امیج دنیا پر اجاگر ہوگا اور دیگر ٹیموں کی پاکستان آمد کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

کمشنر نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیم کو مکمل فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی تاکہ بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کو پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے بھرپور اعتماد دیا جا سکے اور ملک کے سافٹ امیج کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ، ڈپٹی کمشنر ایسٹ و دیگر متعلقہ سیکیورٹی اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں ین کہا کہ دنیا کو پاکستان کے کھیلوں کے لیے محفوظ ملک ہونے کا پیغام دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وقت اشاعت : 21/04/2015 - 13:12:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :