کرکٹ میں سپانسر شپ آنے سے کھیل کی بحالی میں مدد ملے گی، نئی اکیڈمیز بنا رہے ہیں:شہریار خان

منگل 21 اپریل 2015 14:22

کرکٹ میں سپانسر شپ آنے سے کھیل کی بحالی میں مدد ملے گی، نئی اکیڈمیز بنا رہے ہیں:شہریار خان

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار21اپریل۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں سپانسر شپ آنے سے کھیل کی بحالی میں مدد ملے گی،چار مزید ڈسٹرکس کو ریجنل کرکٹ میں شامل کیا جائے گا،کئی مزید اکیڈمیز بنا رہے ہیں اور ان سے کہیں گے کہ نئے وسیم اکرم اور وقار یونس تیار کر کے بھیجیں۔
مقامی ہوٹل میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جنرل کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ تین سا ل بعد جنرل ہاؤس کی میٹنگ ہو ئی ہے، یہ اجلاس کامیاب رہا ہے اور شرکاء نے اپنے دل کی بھڑاس نکال لی ہے۔

چیئر مین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ خضذار، لسبیلہ اور جعفر آباد سمیت چار مزید اضلاع کو ریجنل کرکٹ میں شامل کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ریجنز ہمارے ساتھ مل کر چلیں، ریجنز کے سلیکٹر بورڈ کے منظور شدہ ہونے چاہیئیں،بورڈ جلد ہی ریجنز کے لیے سپانسر شپ کا اعلان کرے گا۔

(جاری ہے)


اس موقع پر چیئر مین پی سی بی شہریار خان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم میرٹ پر سلیکٹ ہوگی کیوں کہ بھتیجوں اور بھانجوں کو کھلانے سے حقداد کی حق تلفی ہوتی ہے،جنرل ہاؤس کے اجلا س میں تمام ریجنز نے تجاویز دی ہیں جبکہ ویمن ونگ سے بھی سفارشات طلب کر لی گئی ہیں اور انہیں کہا ہے کہ انکے ہر خط کا جواب دیا جائیگا۔

چیئر مین پی سی بی کے مطابق کرکٹ کی بہتری کے لیے اکیڈمیز بہت ضروری ہوتی ہیں، انکے آنے سے پہلے کراچی کی کرکٹ اکیڈمی بھی ادھوری پڑ ی تھی جسے اب مکمل کر لیا گیا ہے اور ملتان، راولپنڈی اور فیصل آباد میں بھی نئی اکیڈمیز بنائی جارہی ہیں۔ شہریار خان کے مطابق بورڈ انٹر نیشنل کرکٹ پاکستان میں لانے کی کوشش کر رہا ہے اور مئی میں زمبابوے کی ٹیم پاکستان کا دورہ کر ے گی۔

وقت اشاعت : 21/04/2015 - 14:22:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :