انٹر ریجنل ویمن باسکٹ بال ٹائٹل پشاور نے اپنے نام کرلیا

ہفتہ 25 اپریل 2015 18:13

انٹر ریجنل ویمن باسکٹ بال ٹائٹل پشاور نے اپنے نام کرلیا

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) انٹر ریجنل ویمن باسکٹ بال چمپئن شپ میں پشاور نے مردان ریجن کو شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی ، فائنل میں مردان کو 23 کے مقابلے 57 پوائنٹس سے شکست کا سامنا رہا جبکہ سوات نے کوہاٹ کو ہراکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔مہمان خصوصی پرنسپل نوشہرہ گرلز کالج صداقت کوثر نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں کیش انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کئے ۔

ان کے ہمراہ ڈائریکٹریس سپورٹس ویمن خیبرپختونخوا سپورٹس بورڈ رشیدہ غزنوی ،وائس پرنسپل نوشہرہ گرلز کالج پروفیسر نجمہ، آرگنائزنگ سیکرٹری و ڈی پی ای نوشہرہ گرلز کالج مس فرہاد سمیع ، ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن مردان گرلز کالج مس گلنار بیگم ، خیبرپختونخوا باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری دین محمد خان سمیت دیگر اہم شخصیات ،اساتذہ اور سینکڑوں کی تعداد میں تماشائی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس ویمن خیبرپختونخوا کے تعاون سے منعقدہ انٹر ریجنل ویمن گیمز کے سلسلے میں منعقدہ باسکٹ بال کا فائنل میچ روایتی حریف پشاور اور مردان ریجن کے مابین کھیلاگیا جس میں پشاور نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردان کو 23 کے مقابلے57 پوائنٹس سے شکست دیکرٹرافی اپنے نام کرلی ، مردان کی طرف سے حسینہ، مریم،رومی ،امبرین،نادیہ ،شہزادی، فاخرہ نے پوائنٹس حاصل کئے جبکہ پشاور کی طرف سے شائستہ ، حسینہ اکبر، سیما، ماریہ ،شمع،عائشہ،عروسہ،اور علیشبا نے پوائنٹس حاصل کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔

اس سے قبل تیسرے پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ میں سوات ریجن نے کوہاٹ ریجن کو 44-21 سے شکست دیکر فتح حاصل کی ۔ میچ میں صوبائی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ونیشنل کوچ دین محمد خان اور وصال محمد نے ریفری کے فرائض انجام دیئے۔آخر میں مہمان خصوصی نے فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور کیش انعامات تقسیم کئے ونر کو بیس ہزار، رنر اپ کو پندرہ ہزار اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو دس ہزار روپے دیئے گئے ۔خواتین گیمز کے سلسلے میں اس سے قبل ہاکی ، ایتھلیٹکس ، بیڈمنٹن ، جوڈو، ہینڈ بال،ووشو،والی بال اور تائیکوانڈو کے مقابلے کامیابی کے ساتھ منعقد ہوچکے ہیں جبکہ ٹیبل ٹینس مقابلے مئی میں منعقد کئے جائینگے۔

وقت اشاعت : 25/04/2015 - 18:13:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :