انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چمپئن پشاور کو دیر لوئر کے ہاتھوں شکست

اتوار 26 اپریل 2015 17:09

انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چمپئن پشاور کو دیر لوئر کے ہاتھوں شکست

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اپریل۔2015ء) انٹر ڈسٹرکٹ انڈر19ہاکی چمپئن شپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی،میزبان ایبٹ آباد ،مردان،لوئر دیر اور بنوں کی ٹیموں نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ۔پہلے سیمی فائنل میں مردان اور دیر لوئر جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ایبٹ آباد اور بنوں کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی ۔سپورٹس ڈائریکٹیوریٹ خیبر پختونخواکے زیر اہتمام ایبٹ آباد کے اقبال خان ہاکی سٹیڈیم میں جاری انٹرڈسٹرکٹ انڈر19ہاکی چمپئن شپ میں پہلے کوارٹرفائنل میں مردان نے نوشہرہ کو ایک مقابلے میں تین گول سے شکست دی،مردان کی طرف سے 22ویں , 40ویں اور 51ویں منٹ میں جواد ،سیف اللہ اور اجمل نے گول کئے ،جبکہ نوشہرہ کا واحد گول 18ویں منٹ میں سلیم نے سکور کیا،دوسرے کوارٹر فائنل میچ کے یکطرفہ مقابلے کے بعد بنوں نے ڈی آئی خان کو6-1سے ہرایا ‘بنوں کی جانب سے رحمان ،فہد،ذاکر ،عامر نے ایک ایک جبکہ سلمان نے دو گول کئے ‘ ڈی آئی خان کا واحد گول اکبر زمان نے کیا۔

(جاری ہے)

تیسرے کوارٹر فائنل میچ میں میزبان ٹیم ایبٹ آباد نے سوات کو 6-1سے شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی ،جبکہ چوتھے اور آخر ی کوارٹرفائنل میچ میں لوئر دیر نے پشاورجیسی مضبوط ٹیم کوایک دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے کے بعدپینلٹی سٹروکس پر تین کے مقابلے میں5گول سے شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔میچ مقررہ وقت تک دو،دوگول سے برابر رہا۔جبکہ اضافی وقت میں کوئی ٹیم گول نہ بناسکی۔

دیر لوئر ٹیم کے گول کیپر قاسم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف مقررہ وقت میں یقینی گول بچائے بلکہ پینلٹی سٹروکس میں دو گول بچاکر اپنی کامیابی میں کلیدی کردار اداکیا ۔دیر لوئر کی جانب سے عدیل ،خالد،اویس ،طارق اور انیس نے ایک ایک گول کیا۔اس وقع پر ڈائریکٹر سپورٹس خیبر پختونخوااور سینئر صحافی سردار شفیق احمد مہماناں خصوصی تھے ،جبکہ انکے ہمراہ سپورٹس رائٹرزایسوسی ایشن کے نائب صدر غنی الرحمن،رکن سپورٹس رائٹرز شوکت حسین اور طاہر منیر اعوان ،ڈی ایس اوسلیم رضا،جمشید بلوچ،آمیرزاہد شاہ اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سوات سید ثقلین شاہ بھی موجود تھے۔

وقت اشاعت : 26/04/2015 - 17:09:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :