آئی سی سی نے پاکستان میں کرکٹ بحالی کیلئے کچھ نہیں کیا ‘پی سی بی تنہا کوششیں کررہا ہے ‘ احسان مانی

منگل 28 اپریل 2015 11:58

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق صدر احسان مانی نے کہاہے کہ آئی سی سی نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے کچھ بھی نہیں کیا اور جو کوششیں بھی ہو رہی ہیں وہ پاکستان کرکٹ بورڈ تنہا کر رہا ہے۔بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ انھوں نے آج تک ایسا کوئی بھی سکیورٹی پروٹوکول نہیں پڑھا جس میں آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے یہ کہا ہو کہ آپ فلاں باکس پر ٹک کردیں تو وہ یہ سمجھے گی کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوسکتی ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ آئی سی سی نے جو ٹاسک فورس قائم کی تھی اس نے بھی صرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامی ڈھانچے کے بارے میں ردوبدل کے بارے میں کچھ بیان دئیے تھے اور اس سے زیادہ کچھ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہ آئی سی سی کا زمبابوے کی ٹیم کے دور ہ پاکستان میں اپنے امپائرز نہ بھیجنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ آئی سی سی کو پاکستان پر اعتماد نہیں ہے وہ ابھی بھی پاکستان کو ہائی رسک اور اپنے آفیشلز کو غیرمحفوظ سمجھتی ہے۔

آئی سی سی کے سابق صدر نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیم کے پاکستان آنے سے دیگر بڑی ٹیموں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا اور یہ ٹیمیں پاکستان نہیں آئیں گی۔انھوں نے کہا کہ کینیا کی طرح زمبابوے کی ٹیم کو بھی پاکستان میں انتہائی غیرمعمولی سکیورٹی میں رکھا جائے گا۔ وہ کہیں باہر نہیں جا سکے گی نہ ہی لوگوں سے مل سکے گی۔یہ پہلا قدم ضرور ہے کہ کوئی ٹیم پاکستان آئے گی تاہم اس سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا مجھے امید ہے کہ آئر لینڈ کی ٹیم کے پاکستان آنے سے زیادہ فرق پڑے گا اور اس کے آنے سے پاکستان کے بارے میں لوگوں کی سوچ میں تبدیلی آ سکے گی۔

وقت اشاعت : 28/04/2015 - 11:58:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :