پہلا ٹیسٹ،بنگلہ دیش نے کھیل کے اختتام تک 4وکٹیں کھو کر 236رنز بنا لیے

منگل 28 اپریل 2015 16:23

پہلا ٹیسٹ،بنگلہ دیش نے کھیل کے اختتام تک 4وکٹیں کھو کر 236رنز بنا لیے

کھلنا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار28اپریل۔2015ء) کھلنا ٹیسٹ کے پہلے روزبنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کھیل کے اختتام پر 4وکٹوں کے نقصان پر 236رنزبنا ئے۔ شیخ ابونصیر سٹیڈیم،کھلنا میں کھیلنے جانے والے میچ میں بنگلہ دیشی اوپنرز تمیم اقبال اور امرالقیس نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور پاکستانی فاسٹ باؤلرز کے تمام وارسہتے ہوئے اپنی ٹیم کو 52رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔

اس موقع پر لیگ سپنر یاسر شاہ نے اپنی باؤلنگ کا جادو جگاتے ہوئے اظہر علی کی مدد سے تمیم اقبال کو25کے انفرادی سکور پر پوویلین واپس بھیج کر پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی جس کے بعد سومیا سرکار اور نئے آنیوالے بلے باز مومن الحق نے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔ امراالقیس 51رنز بنانے کے بعد محمد حفیظ کی گیند پر انہی کو کیچ تھما کر پوویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد آنے والے بلے باز محمو داللہ ریاض نے مومن الحق کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور آگے بڑھانا شروع کیا تو پاکستانی فیلڈرز نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں کھلاڑیوں کے کیچز چھوڑے۔ محموداللہ کئی مواقع ملنے کے باوجود ٹیسٹ میں نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے اور 49کے انفرادی سکور پر وہاب ریاض کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے وکٹ کیپر سرفراز احمد کا شاندار کیچ سے میدان بد ر ہوئے۔

ان کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والے آل راؤنڈر شکیب الحسن نے مومن الحق کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور آہستہ آہستہ آگے بڑھانا شروع کیا تاہم دن کے آخری اوور میں مومن الحق 80کے انفرادی سکور پر لیفٹ آرم سپنر ذوالفقار بابر کی ایک گیند کو سمجھ نہ پائے اور ایل بی ڈبلیو ہوگئے،انہوں نے امپائر کا فیصلہ چیلنج کیا تاہم وہ بھی انہیں نہ بچا سکا جس کے بعد پہلے دن کا کھیل ختم کر نیکا اعلان کر دیا گیا اور اس وقت شکیب الحسن 19رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض، محمد حفیظ، یاسر شاہ اور ذوالفقا ر بابر نے 1،1کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل بنگلہ دیش نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر نے کا مطالبہ کیا تھا۔پاکستان نے انڈر 19کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سمیع اسلم کو ٹیسٹ کیپ دی،وہ محمد حفیظ کے ساتھ اوپننگ کریں گے جب کہ بنگلہ دیش کی جانب سے سومیا سرکار اور محمد شاہد نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔

اپنا باؤلنگ ایکشن تبدیل کر کے انٹر نیشنل کرکٹ میں واپس آنے والے آف سپنر سعید اجمل ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے جبکہ ون ڈے سیریز سے قبل زخمی ہونے والے یاسر شاہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی۔قومی کرکٹ ٹیم دو فاسٹ باؤلر ز وہاب ریاض اور جنید خان اور دو سپنرز ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کے ساتھ میدان میں اتری۔

وقت اشاعت : 28/04/2015 - 16:23:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :