فیفا کا فلسطینی درخواست پر اسرائیلی رکنیت کی معطلی پر غور

منگل 5 مئی 2015 14:06

فیفا کا فلسطینی درخواست پر اسرائیلی رکنیت کی معطلی پر غور

زیورخ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء)عالمی فٹبال فیڈریشن’فیفا‘ نے فلسطینی فٹبال یونین کی جانب سے دائر درخواست پر اسرائیل کی رکنیت اس وقت تک معطل کرنے پرغور شروع کردیا جب تک اسرائیل فیڈریشن کے ضابطہ اخلاق اور عالمی قوانین کی پابندی یقینی نہیں بنا لیتا۔’فیفا‘ کی ویب سائٹ پرجاری بیان میں کہا گیاہے کہ فیفا انتظامیہ نے فلسطینی فٹبال یونین کی جانب سے اسرائیل کی رکنیت کی معطلی سے متعلق دی گئی درخواست کو ایجنڈے میں شامل کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

اس درخواست پر رواں ماہ کی 29 تاریخ کو سوئس شہر زیورخ میں ہونیوالے 65 ویں اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں فیفا کے دستور کے آرٹیکل 15کے مطابق اسرائیل کی رکنیت کی معطلی پر غور کیا جائیگا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں فیفا کے نئے سربراہ کا بھی انتخاب عمل میں لایا جائیگا۔ اس وقت چار امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ ان میں موجودہ چیئرمین جوزف ساب بلاٹر، ان کے نائب اردنی شہزادہ علی بن الحسین، ہالینڈ کی فٹ بال یونین کے چیئرمین میچل گان براگ اور پرتگالی کھلاڑی لویس فیگو شامل ہیں۔فیفا کے چیئرمین کے انتخاب کے لیے 209 رکن ممالک میں سے تین چوتھائی کی حمایت کا حصول ضروری ہے۔

وقت اشاعت : 05/05/2015 - 14:06:12