پاکستان اور بھارت کے کرکٹ روابط کی بحالی پر پھر سے گرد جمنے لگی

ہفتہ 23 مئی 2015 13:33

پاکستان اور بھارت کے کرکٹ روابط کی بحالی پر پھر سے گرد جمنے لگی

چندی گڑھ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار23مئی۔2015ء) پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ روابطہ کی بحالی پر گرد جمنے لگی۔ چیئرمین آئی پی ایل راجیو شکلا نے گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان فوری طور پر کرکٹ کے مقابلوں کی بحالی کا کوئی فوری امکان نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ پی سی بی اور بی سی سی آئی میں ایم اویو کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان 2022ء تک چھ باہمی کرکٹ سیریز کھیلی جانی ہیں جس کے سلسلے میں پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے گزشتہ دنوں کولکتہ میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر جگ موہن ڈالمیا اور پھر نئی دہلی میں سیکرٹری بی سی سی آئی انوراگ ٹھاکر سے ملاقات کی تھی تاکہ دبئی میں رواں سال دسمبر میں باہمی سیریز کا انعقاد یقینی بنایا جا سکے تاہم راجیو شکلا کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے مجوزہ سیریز کو ممکن بنانے سے قبل کئی چیزوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان حالیہ دنوں میں سیریز سے متعلق رابطہ ہوا ہے مگر پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں فوری طور پر ایک دوسرے کے ساتھ میدان میں نہیں اتر سکتی ہیں اور دو سے تین مسائل ایسے موجود ہیں جن پر کرکٹ مقابلوں کی بحالی کیلئے حتمی فیصلہ کرنے سے قبل نمٹناہو گا۔ سیریز صرف اسی صورت میں ہوسکتی ہے جب حکومت کلیئرنس دے اور فی الحال کرکٹ روابط کی بحالی کیلئے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے ۔

وقت اشاعت : 23/05/2015 - 13:33:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :