پاکستان کوریا ہاکی سیریز ایک میچ قبل ہی منسوخ کردی گئی

ہفتہ 23 مئی 2015 13:50

پاکستان کوریا ہاکی سیریز ایک میچ قبل ہی منسوخ کردی گئی

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار23مئی۔2015ء) ناقص امپائرنگ اور کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے پاکستان اور کوریا کے درمیان انچیون کوریا میں کھیلی جانے والی چار میچوں کی پریکٹس سیریز ایک میچ قبل منسوخ کردی گئی ، سیریز کا آخری میچ ہفتے کو کھیلا جانا تھا۔ جمعے کو دونوں ٹیموں کے در میان کھیلا جانے والا تیسرا میچ ناقص امپائر نگ کے باعث دس منٹ قبل ختم کردیا گیا، اس وقت میچ دو، دو گول سے برابر تھا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے پنالٹی کارنر اور شفقت رسول نے فیلڈ گول سکور کیا، آخری کوارٹر میں دس منٹ قبل پاکستانی ہاکی ٹیم کو پنالٹی کار نر ملا جو امپائر نے مسترد کردیا اس موقع پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں گرما گرمی ہوگئی اور امپائر نے پاکستانی کھلاڑی وقاص شریف کو یلو کارڈ دکھا کر گرائونڈ سے باہر بھیج دیا جس پر پاکستانی کھلاڑیوں نے شدید احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

جس پر امپائر نے میچ کو مقررہ وقت سے قبل ختم کردیا، پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے مقامی فیلڈ جیوری سے میچ کو ختم کر نے پر اعتراض بھی کیا۔ جسے قبول نہیں کیا گیا، سیریز میں جمعے کو پہلی بار فیلڈ جیوری کی تقرری کی گئی تھی، سیریز میں کھیلے گئے تین میچوں میں ایک میں کامیابی کی صورت میں میزبان ٹیم نے سیریز جیت لی، دو میچ فیصلہ کن ثابت نہ ہوسکے، حیرت انگیز طور پر برابری پر ختم ہونے والے میچوں کو فیصلہ کن بنانے کے لئے پنالٹی شوٹ آئوٹ کا بھی سہارا نہیں لیا گیا۔

پاکستانی ہاکی ٹیم کے چیف کوچ شہناز شیخ نے انچیون سے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تینوں میچوں میں کلب کے کھلاڑیوں سے امپائرنگ کرائی گئی جن کا معیار بہت زیادہ خراب تھا، جمعے کے میچ میں ناقص امپائر نگ پر ہمارا اعتراض بھی نظر انداز کردیا گیا۔ پاکستانی ٹیم کو چار پنالٹی کارنر بھی نہیں دیے گئے، ابتدائی دو میچوں میں علی شان اور تصور عباس زخمی ہوئے جبکہ جمعے کو توثیق اور وقاص شریف بھی ان فٹ ہوگئے۔ قومی ٹیم 25مئی کو شیڈول کے مطابق پاکستان واپس پہنچے گی ۔

وقت اشاعت : 23/05/2015 - 13:50:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :