زمبابوے کے دورے سے امیدیں وابستہ نہ کی جائیں، سابق چیر مین پی سی بی خالد محمود

اتوار 24 مئی 2015 13:22

زمبابوے کے دورے سے امیدیں وابستہ نہ کی جائیں، سابق چیر مین پی سی بی خالد محمود

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24مئی ۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود نے کہا ہے کہ میڈیا اور پی سی بی زمبابوین ٹیم کے دورہ پاکستان پر مبالغہ آرائی کررہا ہے ۔ان کے بقول ایسا نہیں ہے کہ زمبابوے کے دورہ پاکستان کے بعد انٹرنیشنل ٹیمیں فوراً یہاں کھیلنے کیلئے تیار ہوجائیں گی، یہ دورہ اتنا موثر نہیں ہوگا ،اس لئے ہمیں زیادہ امیدیں نہیں باندھنی چاہئیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق پی سی بی سربراہ کا کہنا تھا کہ ہمارا میڈیا اور بورڈ زمبابوے کے دورے پر مبالغہ آرائی کرکے بیرونی دنیا کو تاثر دینا چاہتا ہے کہ پاکستان کرکٹ کیلئے محفوظ ہے تاہم یہ پیغام زیادہ موثر نہیں ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ بیرونی دنیا کو یہ تاثر تب تک نہیں دیا جاسکتا ہے جب تک ہم دہشت گردی کے واقعات پر مکمل قابو نہیں پالیتے ہیں کیوں کہ جب بھی ملک میں کوئی دہشت گردانہ کارروائی ہوتی ہے ، ان واقعات کا تاثر بھی باہر جاتا ہے جو زیادہ طاقتور ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

خالد محمود نے مزید کہا کہ زمبابوے کے بعد بگ تھری سمیت ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار نہیں ہوں گی۔ زیادہ سے زیادہ امید ایشین بلاک کی ٹیموں سے رکھی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملکی میدانوں کو آباد کرنے کیلئے آئی سی سی نے باوجود زبانی جمع خرچ کے میچ کیلئے کوئی آفیشل تک نامزد کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاملے میں آئی سی سی کا رویہ دوغلا پن کا شکار ہے ، یہ وہ آئی سی سی نہیں، جو پرانے زمانے میں ہوتی تھی ،اب یہ پوری طرح بگ تھری کے قبضے میں ہے ۔ بگ تھری میں سب سے زیادہ مضبوط اور طاقتور بھار ت ہے جوکسی طور نہیں چاہتا کہ پاکستان ترقی کرے ، اس کی سیاسی اور خارجہ پالیسی کا مرکزی نکتہ ہی پاکستان کو تنہائی کا شکار رکھنا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سہرا کرکٹ بورڈ کے سر جاتا ہے ، اس کے لئے انہوں نے خاصی محنت کی، پی سی بی کے بعد اس کا کریڈٹ ڈیو واٹمور اور زمبابوین ٹیم کو جائے گا ۔

وقت اشاعت : 24/05/2015 - 13:22:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :