پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل کھیلا جائیگا

پیر 25 مئی 2015 11:49

پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل کھیلا جائیگا

لاہور ۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) پاکستان اور زمبابوے کے مابین تین ون ڈے میچوں پر مشتمل کرکٹ سیریز کا پہلا ون ڈے میچ کل منگل کو چار بجے سہ پہر قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔ میچ کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ میچ کے دوران فول پروف سیکورٹی مہیا کی جائے گی۔ پاکستان اور زمبابوے کے مابین ون ڈے سیریز کا انعقاد پہلے دو بجے شیڈول کیا گیا تھا لیکن سخت گرمی کی وجہ سے اس میں تبدیلی کرتے ہوئے میچ کے شروع ہونے کا وقت چار بجے مقرر کیا گیا۔

پاکستان کی ٹیم کو زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوٹنی سیریز 2-0سے جیتنے کی وجہ سے نفسیاتی برتری حاصل ہے۔ سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ قذافی سٹیڈیم میں 29 مئی کو شام چار بجے اور تیسرا ون ڈ ے 31 مئی کو شام چار بجے کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

میچ میں پاکستان کی ٹیم کی قیادت اظہر علی جبکہ زمبابو ے ٹیم کی قیادت چکمبورا کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ 16رکنی ون ڈے ٹیم کا اعلان پہلے کر چکا ہے۔

ٹیم میں اظہر علی کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، احمد شہزاد، اسد شفیق، حارث سہیل، شعیب ملک، بابر اعظم، ایم رضوان، سرفراز احمد، انور علی، حماد اعظم، حماد وسیم، یاسر شاہ، وہاب ریاض، محمد سمیع اور جنید خان شامل ہیں۔ احمد شہزاد، شعیب ملک، انور علی، محمد سمیع، حماد اعظم کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ بابر اعظم جو کہ پہلے ٹیسٹ سکواڈ میں شامل تھے اب ون ڈے میں بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں گے، اور عماد وسیم سری لنکا کے خلاف اے سیریز میں اچھی کارکردگی کی بدولت سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

دورہ بنگلہ دیش کیلئے پاکستانی ون ڈے سکواڈ میں شامل سمیع اسلم، سعید اجمل، فواد عالم، سعد نسیم، احسان عادل، راحت علی، عمر گل اور ذوالفقار بابر زمبابوے کے خلاف ون ڈے میں اپنی جگہ برقرار نہ رکھ سکے۔ یاد رہے کہ سہیل خان اور صہیب مقصود انجری کی وجہ سے سکواڈ کے ہمراہ بنگلہ دیش روانہ نہیں ہوسکے تھے۔ انہیں زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے بھی زیر غور نہیں لایا گیا۔

قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں کامیابی سے ٹیم کا مورال بلند ہے اور ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے مثبت نتائج حاصل کرے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کا پاکستان میںآ کر کھیلنا خوش آئند ہ ہے اور اس سے پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی ہوگئی ہے۔ اظہر علی نے کہاکہ پی سی بی کے ساتھ ساتھ اس سیریز کا کریڈٹ زمبابوے کرکٹ بورڈ کو بھی جاتا ہے۔

دورہ سے جونیئر کھلاڑیوں کو کافی تجربہ ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش سے ون ڈے سیریز ہارنا افسوسناک ہے تاہم زمبابوے کے خلاف بہتر کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ زمبابوے کے خلاف جیت سے دورہ سری لنکا میں فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ زمبابوے کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کی تیاری کرلی ہے۔ کھلاڑیوں کا فوکس کرکٹ پر ہوگا سیکورٹی پر نہیں ۔

کئی سالوں کے بعد ہوم گراؤنڈ پر انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کو ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ مجھ پر میچ میں دباؤ ضرور ہوتا ہے لیکن میں اس سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔ ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا کہ ٹیم ٹی ٹونٹی کی طرح زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز بھی جیتے گی۔ زمبابوے کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں امید تھی کہ ٹیم جیتے گی لیکن اتنی مشکل سے جیتے گی اسکا اندازہ نہ تھا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے بلے بازوں نے بہتر کارکردگی کامظاہر ہ کیا لیکن ہمیں مڈل آرڈر پر مذید کام کرنا ہوگا۔ شعیب ملک اور عمر اکمل تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ہم نئے کھلاڑیوں پر اعتماد نہیں کرسکتے۔ محمد سمیع کو مزید مواقع دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی میں پونے دو سو کا ٹارگٹ بھی اب معنی نہیں رہتا۔ کھلاڑی بے شک آؤٹ ہوجائیں لیکن سکور میں اضافہ ہوتا رہنا چاہئے۔

مختار احمد اور نعمان انور نے ٹی ٹونٹی کی گیم کی ہے۔ وقار یونس نے کہاکہ پاکستان کی فیلڈنگ میں پہلے سے بہتری نظر آئی۔ انہوں نے کہاکہ نئے لڑکوں کو چانس دینے کیلئے محمد حفیظ اور دیگر کھلاڑیوں کو ریسٹ کروایا گیا ہے۔ دوسری طرف زمبابوے ٹیم کے کپتان چکمبورا اور سین ولیمز کا کہنا ہے کہ زمبابوے ٹیم نے ٹی ٹونٹی میچز میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا لیکن ٹیم کی فیلڈنگ بہتر نہ رہی اور کئی کیچز ڈراپ ہوئے ہماری بلے بازوں نے دونوں میچوں میں بڑا سکور کیا۔

پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ہمارے بولرز نے ابتدائی چھ اوورز میں بولرز کی کارکردگی بہتر نہ تھی اور انہوں نے بہت سکور دیئے جبکہ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں ٹیم نے کئی کیچز ڈراپ کیئے جس کا خمیازہ شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا تاہم ٹیم ون ڈے سیریز میں تما م کمزوریوں کو دور کرکے مثبت نتائج لائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں پتہ ہے کہ پاکستانی ٹیم مشکل وقت سے گزررہی ہے لیکن ٹیم کی کارکردگی بہتر تھی۔ قذافی سٹیڈیم کی وکٹ اور کراؤڈ دونو ں بہترین تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں پاکستان میں سیکورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور ہمارا فوکس صرف کرکٹ کی طرف ہے۔

وقت اشاعت : 25/05/2015 - 11:49:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :