فرسٹ کلاس میچ میں ممکنہ بال ٹمپرنگ ،پاکستان ایک بار پھر دنیا میں مرکزنگاہ بن گیا

پیر 25 مئی 2015 12:51

فرسٹ کلاس میچ میں ممکنہ بال ٹمپرنگ ،پاکستان ایک بار پھر دنیا میں مرکزنگاہ بن گیا

دمبولا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار25مئی۔2015ء) پاکستان ایک مرتبہ پھر فرسٹ کلاس میچ میں ممکنہ بال ٹمپرنگ کے باعث مرکزنگاہ بن گیا، پاکستان اے اور سری لنکا اے کے مابین آخری غیر سرکاری ٹیسٹ کے دوران فیلڈ امپائرز نے گیند کی ساخت خراب پائے جانے پر کھیل کو چند منٹ کیلئے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق دمبولا میں سری لنکا اے کے خلاف تیسرے چار روزہ کرکٹ میچ میں آخری دن فیلڈ امپائردیپال گنا وردنے اور پراگیت رمبوک ویلا کو اس وقت کھیل چھ منٹ کیلئے معطل کرنا پڑا جب پاکستان اے کے فاسٹ بالر میر حمزہ دن کے پانچویں اوور کا آغا ز کرنے والے تھے ۔

دونوں امپائرز نے کھیل میں مداخلت کر کے گیند کا جائزہ لیا تو وہ انتہائی خراب حالت میں تھی جس سے بال ٹمپرنگ کے خدشات ابھرے ۔ ذرائع کے مطابق ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستانی بالرز کی جانب سے گیند کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے تاہم اس معاملے میں حتمی شواہد موجود نہیں تھے جس کے باعث کسی پر کوئی الزامات عائد نہیں کئے گئے ۔

(جاری ہے)

ٹھوس ثبوت نہ ہونے کی ایک وجہ یہ بھی رہی کہ میچ کے دوران کیمرہ ریکارڈنگ موجود نہیں تھی جس سے کھیل کا دوبارہ جائزہ لیا جا سکتا لہٰذا پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف بال ٹمپرنگ پر شکوک وشبہات بے بنیاد ثابت ہوئے ۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ پاکستان کو گیند کی ساخت تبدیل کرنے پر شک کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ماضی میں بھی مختلف قومی بالرز کو بال ٹمپرنگ کے الزامات کاسامنا کرنا پڑا جس میں شعیب اختر،شاہد آفریدی، وسیم اکرم ،وقار یونس ، عمران خان اور دیگر قابل ذکر ہیں ۔

وقت اشاعت : 25/05/2015 - 12:51:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :