فرنچ اوپن :راجر فیڈرر، واورینکا اور سیمونا ہالیپ نے پہلا مرحلہ عبور کر لیا

پیر 25 مئی 2015 14:13

فرنچ اوپن :راجر فیڈرر، واورینکا اور سیمونا ہالیپ نے پہلا مرحلہ عبور کر لیا

پیرس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار25مئی۔2015ء) راجر فیڈرر، سٹین واورینکا ، سیمونا ہالیپ اور الینا مکارووا نے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ عبور کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سال کا دوسرا گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ گزشتہ روز پیرس میں شروع ہوگیا ، میگا ایونٹ کے افتتاحی روز کھیلے گئے مینز سنگلز مقابلوں میں عالمی نمبر دو سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے کولمبیا کے الجیندرو فالا کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی، ان کی جیت کا سکور 6-3 ، 6-3 اور 6-4 رہا۔

(جاری ہے)

سوئٹزرلینڈ ہی کے سٹین واورینکا نے مارسیل الہان کو 6-3 ، 6-2 اور 6-3 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔ سپین کے روبرٹو بوٹسٹا نے جرمن حریف فلورین میئر کو ہرا دوسرے رائونڈ میں جگہ بنا لی۔ ویمنز سنگلز مقابلوں میں عالمی نمبر تین رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے روس کی ایوجنیا روڈینا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 7-5 اور 6-4 سے شکست دی اور دوسرے مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ عالمی نمبر نو روس کی الینا مکارووا نے امریکی حریف چریکو کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی اور دوسرے رائونڈ میں جگہ بنائی ۔

وقت اشاعت : 25/05/2015 - 14:13:55