ٹی ٹونٹی میں گرین شرٹس نے آگے جانا ہے تو مڈل آرڈر بیٹنگ کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا‘ وقار یونس

پیر 25 مئی 2015 16:22

ٹی ٹونٹی میں گرین شرٹس نے آگے جانا ہے تو مڈل آرڈر بیٹنگ کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا‘ وقار یونس

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی میں گرین شرٹس نے آگے جانا ہے تو مڈل آرڈر بیٹنگ کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا،زمبابوے کے خلاف دونوں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ جیتنے کے باوجود وہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں ۔میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ توقع تھی کہ پاکستانی ٹیم دونوں میچ بآسانی جیت جائے گی لیکن جتنے سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل ہوئی ہے اس سے جیت کی زیادہ خوشی نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہااگر ہمیں دوسری ٹیموں کو چیلنج کرنا ہے تو کئی چیزیں ٹھیک کرنی ہوں گی۔انہوں نے مختار احمد کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے کھیل میں مزید نکھار لانے کے لئے مزید محنت کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

وقار یونس نے کہا کہ دونوں میچوں میں پاکستانی ٹیم نے زیادہ رنز کروا ئے اس کی ایک بڑی وجہ قذافی سٹیڈیم لاہور کی بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ تھی تاہم پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ اچھی تھی۔

آل راوٴنڈر کی حیثیت سے انور علی اور بلاول بھٹی سے جو توقعات تھیں وہ پوری نہیں ہوئیں۔وقاریونس نے کہا کہ فاسٹ بولر محمد سمیع کو سیٹ ہونے میں وقت لگے گا،کسی بھی بولر کو ٹیم میں واپسی پر سیٹ ہونے میں وقت درکار ہوتا ہے۔ سمیع نے پہلے میچ کے مقابلے میں دوسرے میچ میں ایک اوور کے سوا باقی اوورز میں بہتر بالنگ کی ۔انہوں نے کہاکہ آئندہ مقابلوں میں مڈل آرڈر بیٹنگ کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا،اگر ٹی ٹونٹی میں پاکستانی ٹیم نے آگے جانا ہے تو مکمل طور پر نوجوانوں پر انحصار کرنا مشکل ہے ایسی صورت میں ٹیم کو مڈل آرڈر بیٹنگ میں شعیب ملک اور عمراکمل کی ضرورت ہے۔

وقت اشاعت : 25/05/2015 - 16:22:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :