مشن ”دہشت گردی ومنشیات سے جنگ کھیلوں کے سنگ“ گرلز سائیکل ریس فاطمہ زہرہ نے جیت لی

پیر 25 مئی 2015 20:58

کراچی ۔ 25 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) پاکستان اسپورٹس مین لائنز کلب انٹرنیشنل اور وفاقی وزارت داخلہ سمیت متعدد سر کاری اداروں کے تعاون سے دہشت گردی و منشیات کے خلاف اور امن و یکجہتی، بھائی چارے، اخوت و محبت اور حب الوطنی کے سلسلے میں مشن ”دہشت گردی و منشیات سے جنگ کھیلوں کے سنگ“ کے تحت منی میراتھن ریس اور گرلز سائیکل ریس کا انعقاد کیا گیا۔

گرلز سائیکل ریس ابو الحسن اصفہانی روڈ سے شروع ہوئی اور سفاری پارک کراچی یونیورسٹی اور جوہر چورنگی سے ہوتی ہوئی واپس مقام آغاز پر ختم ہوئی۔ ریس کا فاصلہ 10 کلو میٹر تھا جوگورنمنٹ ڈگری کالج سائنس و کامرس گلشن اقبا ل کی طلبہ فاطمہ زہرہ نے 40 منٹ میں جیت لی جبکہ دوسری پوزیشن کراچی یونیورسٹی کی ندا یوسف نے حاصل کی اور تیسری پوزیشن پر نیشنل وومن کالج ناظم آباد کی فریحہ وسیم رہیں۔

(جاری ہے)

سائیکل ریس کا افتتاح ریس کے چیف آرگنائزر ملک کلیم احمد اعوان نے جھنڈا لہرا کر کیا۔ میراتھن ریس میں نیشنل کالج بہادر آباد کے عبداللہ شاہ نے میدان مارلیا اور 3 کلومیٹر کا فاصلہ 27 منٹ میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ سراج الدولہ گورنمنٹ کالج لیاقت آباد کے حسن وسیم نے دوسری اور گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نیوکراچی کے آغا وقار نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

میراتھن کا آغاز ابوالحسن اصفہانی روڈ پر پیراڈائز بیکری سے ہوا جس کا افتتا ح الفاء انشورنس پاکستان کے جنرل مینجر مارکیٹنگ ملک فہیم احمد اعوان نے کیا۔ رنر مسکن چورنگی سے روانہ ہوئے اور یونیورسٹی گیٹ سے واپس ہوکر مقام آغاز پر پہنچ کر میراتھن کا اختتام کیا گیا۔ میراتھن کا فاصلہ 3 کلو میٹرتھا۔ مشن کے چیئرمین عابد علی ایڈووکٹ نے سائیکل ریس اور میراتھن کی شاندار کامیابی پر منتظمین خصوصاً چیف آرگنائزر ملک کلیم احمد اعوان کو مبارک باد پیش کی اور خراج تحسین پیش کیا۔ عابد علی ایڈووکیٹ نے اس موقع پر کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کیلئے پاکستان رینجرز اور سندھ پولیس کے خصوصی انتظامات پر دلی شکریہ ادا کیا۔

وقت اشاعت : 25/05/2015 - 20:58:00