ریٹائرمنٹ سے قبل ملک میں کپتانی کرنا دلی خواہش ہے ، مصباح الحق

منگل 26 مئی 2015 11:45

ریٹائرمنٹ سے قبل ملک میں کپتانی کرنا دلی خواہش ہے ، مصباح الحق

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار26مئی۔2015ء) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ سے قبل ملک میں ٹیسٹ میچوں کے دوران قیادت کرنا چاہتے ہیں۔ امید ہے کہ مستقبل قریب میں دیگر ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی اور انہیں ٹیسٹ سیریز میں قومی کھلاڑیوں کو لیڈ کرنے کا موقع ملے گا ، زمبابوے کے خلاف حالیہ میچوں کا حصہ نہ بننے پر انہیں افسوس ہے ۔

مصباح کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کے حالیہ میچوں میں رویئے نے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان میں اب بھی کرکٹ زندہ ہے ۔

(جاری ہے)

اس جھلسا دینے والی گرمی اور انتہائی سخت سیکیورٹی کے باوجود شائقین نے میچوں سے لطف اندوز ہونے کیلئے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کیا جس سے ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کے کھیلے جانے کا کیس مضبوط ہوا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں نے سٹیڈیم میں اپنی آمد سے دنیا پر یہ بھی ظاہر کیا کہ پاکستان کو کرکٹ سے دور نہیں رکھا جا سکتا ہے اور دنیا بھر میں حالیہ سیریز کے ذریعے اس سلسلے میں مثبت پیغام گیا ہے ۔واضح رہے کہ مصباح الحق نے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

وقت اشاعت : 26/05/2015 - 11:45:30