فرنچ اوپن ٹینس : اگنیسکا رڈوانسکا، وینس ولیمز کو پہلے ہی رائونڈ میں شکست

منگل 26 مئی 2015 13:05

فرنچ اوپن ٹینس : اگنیسکا رڈوانسکا، وینس ولیمز کو پہلے ہی رائونڈ میں شکست

پیرس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار26مئی۔2015ء) سال کے دوسرے گرینڈ سلم ٹینس ٹورنامنٹ رولینڈ گیروس فرنچ اوپن میں پہلے رائونڈ کے میچز جاری ہیں۔ ٹاپ 20 میں شامل برطانیہ کے اینڈی مرے ، جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈیخ، فرانس کے جائلز سیمون، ان کے ہموطن گیل مونفلس، بلجیم کے ڈیوڈ گوفن اور اسپین کے ٹامی روبریڈو حریف کھلاڑیوں کو شکست دے کر دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے ہیں جبکہ سپین کے فیلسیانو لوپیز کو اپ سیٹ شکست ہوگئی ہے ۔

تھرڈ سیڈ برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے نے ارجنٹائن کے فیکونڈو ارگوئیلو کو سٹریٹ سیٹس میں چھ، تین، چھ، تین اور چھ، ایک سے زیر کرلیا۔ فورتھ سیڈ جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈیخ نے جاپان کے یوشیہٹو نشیو کو چھ، صفر، سات، پانچ اور چھ، تین سے قابو کرلیا۔ فرانس کے جائلز سیمون نے ہموطن لوکاس پائولیلی کیخلاف سخت جدوجہد کے بعدتین، چھ، چھ، ایک،چھ، دو اور چھ، چار سے کامیابی حاصل کی ۔

(جاری ہے)

فرانس کے گیل مونفلس نے ہموطن ایڈورڈ راجرز ویسلین کی چھ، دو، چھ، سات، چھ، ایک اور سات،پانچ سے چھٹی کر دی۔ بلجیم کے ڈیوڈ گوفن نے سربیا کے فلپ کیرائنووچ کو تین ، چھ، چھ، دو، سات، چھ اور چھ، ایک سے رخصتی کا پروانہ تھمایا۔ اسپین کے ٹامی روبریڈو نے قازقستان کے آندرے گولوبیف کو تین ، چھ، ایک، سات، پانچ اور چھ، تین سے ٹھکانے لگا دیا۔ پہلے رائونڈ کے دیگر میچز میں یوکرین کے پابلو کیواس نے آسٹریلیا کے سام گروتھ، آسٹریلیا کے برنارڈ ٹامچ نے اٹلی کے لوکا وانی، اٹلی کے فیبیو فوگنینی نے جاپان کے ٹاٹسوما ایٹو، آسٹریلیا کے نک کیریگس نے ازبکستان کے ڈینس اسٹومین، فرانس کے ایڈریان منارینو نے آسٹریا کے یرگین میلزر ، سربیا کے وکٹر ٹرائیکی نے جرمنی کے جان لینڈر اسٹرف کو ہرا کر دوسرے رائونڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔

فرنچ اوپن کے ویمنز سنگلز ایونٹ میں سیکنڈ سیڈروسی ساحرہ ماریہ شراپوا نے ایسٹونیا کی کائیا کینپی، جرمنی کی اینجلیک کیربر نے ہنگری کی ٹائمی بابوس، جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا نے چین کی شوائی زینگ اور اٹلی کی سارا ایرانی نے امریکا کی ایلسن رسکے کو زیر کرکے دوسرے رائونڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے جبکہ پولینڈ کی اگنیسکا رڈوانسکا کو جرمنی کی اینیکا بیک، امریکا کی وینس ولیمز کو ان کی ہموطن سلون اسٹیفنز، جمہوریہ چیک کی باربورا سٹرائیکووا کو بلغاریہ کی سویٹانا پیرونکووا نے اپ سیٹ شکست سے دوچار کر دیا ہے ۔

وقت اشاعت : 26/05/2015 - 13:05:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :