زیورخ میں پولیس نے فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے متعدد سرکردہ عہدیداران کو حراست میں لے لیا

بدھ 27 مئی 2015 12:11

زیورخ میں پولیس نے فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے متعدد سرکردہ عہدیداران کو حراست میں لے لیا

زیورخ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں پولیس نے فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے متعدد سرکردہ عہدیداران کو حراست میں لے لیا ہے۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق ان گرفتاریوں کا مقصد ان افراد کو امریکہ کے حوالے کرنا ہے جہاں ان پر مالی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائیگا۔

اطلاعات کے مطابق حراست میں لیے جانے والے افراد کی تعداد چھ ہے۔فیفا کے سینئر اہلکار نے بی بی سی سپورٹس سے بات کرتے ہوئے گرفتاریوں کی تصدیق کی۔انہوں نے کہاکہ ان افراد کو زیورخ کے ہوٹل باوٴر او لاک سے بدھ کو علی الصبح حراست میں لیا گیا ہے تاہم عہدیدار نے گرفتار کیے جانے والے افراد کی حتمی تعداد یا نام نہیں بتائے۔فیفا کی ایگزیکیٹو کمیٹی کے عہدیدار 28 مئی سے شروع ہونے والے تنظیم کے دو روزہ سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے زیورخ پہنچے تھے۔

(جاری ہے)

نیویارک ٹائمز کے مطابق سوئس پولیس کے اہلکاروں نے ان عہدیداران کے ہوٹل کے رجسٹریشن ڈیسک سے ان کے کمروں کی چابیاں لیں اور پھر اوپر چلے گئے۔امریکی اخبار کے مطابق گرفتاریوں کے موقع پر کسی قسم کی مزاحمت دیکھنے میں نہیں آئی اور کم از کم دو عہدیداران کو بغیر ہتھکڑیاں لگائے ہوٹل سے باہر لے جاتے دیکھا گیااس کے علاوہ کوسٹاریکا سے تعلق رکھنے والے فیفا کے عہدیدار ایڈوارڈو لی کو پولیس اہلکار ان کے سامان سمیت ہوٹل کے بغلی دروازے سے باہر لے کر گئے۔فیفا کے عہدیداران پر عائد بدعنوانی کے الزامات کا تعلق گذشتہ دو دہائیوں میں فٹبال کے عالمی مقابلوں کی میزبانی کے حصول اور مقابلوں کی تشہیر اور نشریات کے معاہدوں میں کرپشن سے متعلق ہے-

وقت اشاعت : 27/05/2015 - 12:11:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :