فرنچ اوپن ، نوواک جو کووچ ، سرینا ولیمز پہلے راؤنڈ میں سرخرو

بدھ 27 مئی 2015 14:03

فرنچ اوپن ، نوواک جو کووچ ، سرینا ولیمز پہلے راؤنڈ میں سرخرو

پیرس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار27مئی۔2015ء) سال کے دوسرے گرینڈ سلم ٹینس ٹورنامنٹ رولینڈ گیروس فرنچ اوپن میں پہلے رائونڈ کے میچز جاری ہیں۔ ٹاپ 20 میں شامل عالمی نمبر ایک سربین اسٹار نوواک جوکووچ، سپین کے رافیل نڈال، ان کے ہموطن ڈیوڈٖ فیرر، کروشیا کے مرین سلچ، جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن، امریکا جان آئزنر اور فرانس کے رچرڈ گیسکوئے حریف کھلاڑیوں کو شکست دے کر دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے ہیں جبکہ ٹاپ ٹین میں شامل بلغاریہ کے گریگور ڈیمٹروف حیران کن ہزیمت سے دوچار ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق فرانس میں جاری ایونٹ کے مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ سربیا کے نوواک جوکووچ نے فن لینڈ کے یارکو نائمینن کو سٹریٹ سیٹس میں چھ، دو، سات، پانچ اور چھ، دو سے زیر کرلیا۔ سکستھ سیڈ سپین کے رافیل نڈال نے فرانس کے کوئنٹین ہالیز کو چھ، تین، چھ، تین اور چھ، چار سے قابو کرلیا۔

(جاری ہے)

سیونتھ سیڈ سپین کے ڈیوڈٖ فیرر نے سلواکیہ کے لوکاس لاکو کیخلاف چھ، ایک ، چھ، تین اور چھ، ایک سے کامیابی حاصل کی ۔

ٹاپ ٹین میں شامل کروشیا کے مرین سلچ نے ہالینڈ کے رابن ہاس کی چھ، دو، چھ، چار اور چھ، دو سے چھٹی کر دی۔ جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن نے امریکا کے ٹم سمائزک کو چھ، چار، چھ، چار اور چھ، دو سے رخصتی کا پروانہ تھمایا۔ امریکا جان آئزنر نے اٹلی کے آندریاس سیپی کو سات، پانچ، چھ، دو اور چھ، تین سے ٹھکانے لگا دیا۔ فرانس کے رچرڈ گیسکوئے نے بلجیم کے جرمین جیگونن کیخلاف چھ، تین، چھ، چار اور چھ،صفرسے جیت کو گلے لگایا۔

پہلے رائونڈ کے دیگر میچز میں ارجنٹائن کے لیونارڈو میئر نے جمہوریہ چیک کے جیری ویزلی، فرانس کے جیرمی چارڈی نے جرمنی کے مائیکل بیرر، پرتگال کے یوآئو سوسا نے کینیڈا کے واسک پوسپیسل، لکسمبرگ کے جائلز مولر نے اٹلی کے پائولو لورینزی کو ہرا کر دوسرے رائونڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ فرنچ اوپن کے ویمنز سنگلز ایونٹ میں ٹاپ سیڈ امریکا کی سرینا ولیمز نے جمہوریہ چیک کی اینڈریا ہلاواکووا، ففتھ سیڈ ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی نے اٹلی کی کیرن کینپ، جرمنی کی اینڈریا پیٹکووچ نے امریکا کی شیلبی راجرز، امریکا کی میڈیسن کیز نے ہموطن وارورا لیپچنکو ، سوئٹزر لینڈ کی ٹیمی بیکسنسزکی نے اسپین کی لارا اروبارینا، قازقستان کی زرینہ ڈیاس نے جرمنی کی ڈیانا پرمنٹایئر کو زیر کرکے دوسرے رائونڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے جبکہ سکستھ سیڈ کینیڈا کی یوجینی بوکارڈ کو فرانس کی کرسٹینا ملاڈینووچ اور سربیا کی یلینا یانکووچ کو بلغاریہ کی سیسل کرانتانچیوا نے اپ سیٹ شکست سے دوچار کر دیا ہے ۔

وقت اشاعت : 27/05/2015 - 14:03:29