پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ون ڈے کرکٹ میچ پرسوں کھیلا جائے گا

بدھ 27 مئی 2015 15:22

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ون ڈے کرکٹ میچ پرسوں کھیلا جائے گا

لاہور 27 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء ) پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ڈے اینڈ نائٹ ون ڈے میچ جمعہ کو چار بجے سہ پہر قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم کو پہلا ون ڈے میچ جیتنے کی وجہ سے سیریز میں 1-0کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان کی ٹیم کی جیت کی صورت میں سیریز بھی جیت جائے گا اور زمبابوے کی جیت کی صورت میں دونوں ٹیموں کا مقابلہ 1-1سے برابر ہوگا اور دونوں ٹیموں کے درمیان 31 مئی کو کھیلاجانے والا تیسرا ون ڈے فیصلہ کن ہوگا۔

پاکستان کی ٹیم کو زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوٹنی سیریز 2-0 سے اور ‘پہلا ون ڈے جیتنے کی وجہ سے نفسیاتی برتری حاصل ہے۔ میچ میں پاکستان کی ٹیم کی قیادت اظہر علی جبکہ زمبابو ے ٹیم کی قیادت چکمبورا کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ 16 رکنی ون ڈے ٹیم کا اعلان پہلے کر چکا ہے۔ ٹیم میں اظہر علی کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، احمد شہزاد، اسد شفیق، حارث سہیل، شعیب ملک، بابر اعظم، ایم رضوان، سرفراز احمد، انور علی، حماد اعظم، حماد وسیم، یاسر شاہ، وہاب ریاض، محمد سمیع اور جنید خان شامل ہیں۔

قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ ٹونٹی میچوں کی سیریز میں کامیابی کے بعد پہلے ون ڈے میچ میں بھی کامیابی سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے ا ور انکی ٹیم بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ جیتنے کی کوشش کرے گی۔ پاکستان کو اپنی رینکنگ برقرار رکھنے اور بہتر بنانے کیلئے ہر میچ جیتنا ضروری ہے اور ہماری ٹیم دوسرے ون ڈے میں بھی جیت کیلئے میدان میں اترے گی۔

پہلے ون ڈے میچ میں سینچری بنائے والے مایہ ناز آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ وہ اپنی پرفارمنس کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے دوسرے ون ڈے میچ میں بھی بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادر کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ زمبابوے کی ٹیم کی بیٹنگ اچھی ہے تاہم ان کو فیلڈنگ اور بولنگ میں بہتری لانا ہوگی۔ مجھے ٹیم کی ضرورت کے مطابق جس نمبر پر بھی بھیجا جائے کھیلنے کو تیار رہتا ہوں۔

پہلے ون ڈے میں مجھے جلد بھیجنا کپتان اور کوچ کا مجھ پر اعتماد تھا جس پر پورا اترنے میں کامیاب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ جب بھی موقع ملے اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بہتر سے بہتر کھیلوں اور ٹیم میں شمولیت کا کام سلیکشن کمیٹی اور بورڈ پر چھوڑ دوں۔ انہوں نے کہاکہ ٹیم کے بہتر سٹارٹ کے بعد ون ڈاوٴن کی پوزیشن پر کھیلنے کو کہا گیا اور وہ ٹیم کیلئے سنچری بنا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے ٹیم کیلئے کھیلتے ہیں جبکہ انفرادی کارکردگی دوسری ترجیح ہوتی ہے۔ کپتان اظہر علی کے بارے میں بات کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ وہ ایک اچھا کرکٹر ہے اورابھی سیکھ رہا ہے۔ ہم سب کو اسے موقع دینا چاہئے، امید ہے کہ وہ سیکھ کر اچھا کپتان ثابت ہو گا اور ٹیم بھی بہتر ہو جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ٹیم میں کافی عرصہ باہر رہنے سے مایوسی ہوئی ہے لیکن میں نے اپنی محنت نہیں چھوڑی اور جس کا صلہ انکو مل گیا ہے۔

شعیب ملک نے کہاکہ میرا ٹارگٹ اپنی پرفارمنس میں تسلسل لانا اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ غلطیاں ہر انسان سے ہوتی ہیں کوئی بھی پرفیکٹ نہیں ہوتا میرا فوکس صرف کرکٹ کی طرف ہے ۔ زمبابوے کے کپتان ایلٹن چکمبورا کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم ہر میچ میں پہلے سے بہتر کھیل رہی ہے اور امید ہے کہ دوسرے ایک روزہ میچ میں زیادہ اچھا کھیل کر جیتنے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے تاہم میچ کے آخری اوورز میں سکور نہیں ہو رہے جبکہ فیلڈنگ اور باوٴلنگ میں بھی بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ اتنا قریب پہنچ کر ہارنے کا افسوس ہے تاہم اگر ہر اوور میں دس رنز بنا سکیں تو میچ جیت جائیں گے۔ ٹیم کے کھلاڑیوں کو میچ کی فنشنگ کو بہتر بنانا ہوگا۔ چکمبورا کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم بیلنس ٹیم ہے لیکن زمبابوے کے بلے بازوں نے دو ٹی ٹونٹی اور ایک ون ڈے میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے اور تمام میچز کانٹے دار ہوئے ہیں اور پاکستان ٹیم آسانی سے نہیں جیتی ۔

وقت اشاعت : 27/05/2015 - 15:22:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :