پشاور کے ذیشان زیب نے انٹر ڈسٹرکٹ سکواش چیمپئن شپ جیت لی

بدھ 27 مئی 2015 18:47

پشاور کے ذیشان زیب نے انٹر ڈسٹرکٹ سکواش چیمپئن شپ جیت لی

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء ) پشاور کے ذیشان زیب نے انٹر ڈسٹرکٹ سکواش چیمپئن شپ جیت لی ، چیمپئن شپ کا فائنل گزشتہ روز پی اے ایف ہاشم خان سکواش کمپلیکس میں منعقد ہوا اس موقع پر صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے چیئر مین اور آئی سی ایم ایس ایجوکیشن سسٹم کے سربراہ ملک تجمل حیات خان مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے صدر اور سابق برٹش چیمپئن قمرزمان اور سیکرٹری جنرل احسان اﷲ خان بھی موجود تھے ۔

فائنل میں پشاور کے ذیشان زیب اور حمزہ اسلام کے مابین کانٹے کامقابلہ ہوا تاہم ذیشان زیب نے حمزہ اسلام کو گیارہ نو ، گیارہ آٹھ اور گیارہ نوسے شکست دیکر چیمپئن شپ اپنے نام کرلی ، قبل ازیں ہونے والے پہلے سیمی فائنل میں پشاور کے ذیشان زیب نے بنوں کے دانش کو صفر کے مقابلے دو گیمز سے شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پشاور کے حمزا اسلام نے سوات کے انیس کو صفر کے مقابلے میں دو گیمز سے ہراکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیاتھا آخر میں مہمان خصوصی صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے چیئر مین ملک تجمل حیات خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک تجمل حیات خان نے اعلان کیا کہ جلد ہی چھ ممبران پر مشتمل وفد تشکیل دیاجائے گا جس کی قیادت سکواش کے سابق برٹش چیمپئن قمرزمان کرینگے جبکہ دیگر پانچ ممبران ان کا ساتھ دینگے ۔ اور یہ وفد کورکمانڈر پشاور ، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک ، پاکستان سکواش فیڈریشن کے سربراہ ،گورنر خیبرپختونخوا سردارمہتاب احمد خان اور وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے کھیل امجد آفریدی سے ملاقاتیں کرے گا جس میں سکواش کے فروغ اور ترقی اور خاص طور پر ڈسٹرکٹ کی سطح پر سکواش کورٹس کی تعمیر کے بارے میں تبادلہ خیال کریگا انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ وفد اپنی ان ملاقاتوں میں پشاور میں سکواش کمپلیکس کی تعمیر کے بارے میں بھی اپنی تجاویز پیش کرے گا جس کا مقصد پشاور میں قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد کیلئے سہولتوں کا قیام ہے ۔

وقت اشاعت : 27/05/2015 - 18:47:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :