زمبابوین کرکٹ ٹیم کا کامیاب دورہ پاکستان ، سری لنکا نے بھی آنے کے لیے گرین سگنل دیدیا

جمعرات 28 مئی 2015 11:36

زمبابوین کرکٹ ٹیم کا کامیاب دورہ پاکستان ، سری لنکا نے بھی آنے کے لیے گرین سگنل دیدیا

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار28مئی۔2015ء) زمبابوے کے دورہ پاکستان کی کامیابی کے بعد سری لنکا نے بھی اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم اور بورڈ دورہ پاکستان کیلئے آمادہ ہیں تاہم دورے کی تفصیلا ت طے ہونا باقی ہیں اور سری لنکاکرکٹ بورڈ کے عبوری سربراہ سدھات ودھے منی کے دورہ پاکستان کے دوران معاملات کو فائنل کرلیا جائے گا ۔

تفصیلات کے مطابق زمبابوے کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد اوربہترین سکیورٹی کی فراہمی کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوششیں شروع کردی ہیں اور اسی لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کی خصوصی دعوت پر سری لنکا کرکٹ بورڈ کے عبوری سربراہ سدھات ودھے منی کل پاکستان پہنچ رہے ہیں جہاں وہ 31 مئی کو پاکستان زمبابوے کا آخری ون ڈے میچ بھی دیکھیں گے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے سری لنکا کی ٹیم کے دورے کے متعلق بورڈ کے عبوری سربراہ سے بات چیت کی جائے گی اور سکیورٹی انتظامات سمیت تمام امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔ ابتدائی طور پر دورہ سری لنکا کو مختصر رکھنے اور صدارتی طرز کی سکیورٹی دینے کی تجاویز پر بات چیت کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق بھارت سے رواں سال دسمبر میں ہونے والی سیریز نہ ہونے کی صورت میں سری لنکن ٹیم اسی سال پاکستان آسکتی ہے ۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کرکٹ ٹیم کی میزبانی کیلئے ہوم ورک مکمل کررکھاہے اور سری لنکا کی طرف سے دورہ فائنل ہوتے ہیں تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی جائے گی ۔ سکیورٹی کے حوالے سے صوبائی اور وفاقی حکومت کا مکمل تعاون حاصل ہے اور سکیورٹی اقدامات کو مکمل طور پر فول پروف بنایا جائے گا ۔

وقت اشاعت : 28/05/2015 - 11:36:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :