سیپ بلاٹر 5ویں مرتبہ فیفا کے صدر منتخب

ہفتہ 30 مئی 2015 11:35

سیپ بلاٹر 5ویں مرتبہ  فیفا کے صدر منتخب

زیورخ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار30مئی۔2015ء) سیپ بلاٹر پانچویں مرتبہ فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر منتخب ہوگئے ۔ ان کے حریف اردن کے شہزادے علی بن الحسین ووٹنگ کے پہلے مرحلے کے بعد انتخابات سے دستبردار ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق بدعنوانی کے الزامات میں گھری فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے 209 ارکان میں سے 133 نے سیپ بلاٹر پر ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں اعتماد کا اظہار کیا ۔

ووٹنگ سے قبل دونوں امیدواروں کو ووٹ دینے والے رکن ممالک کے نمائندوں سے خطاب کے لئے پندرہ منٹ کا وقت دیا گیا۔سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں جمعے کو ہونے والے فیفاانتخابات کے پہلے مرحلے میں دونوں امیدواروں میں سے کوئی بھی دو تہائی اکثریت حاصل نہیں کر سکا ۔ یہ انتخابات ایک ایسے موقعے پر ہو ئے جب دو دن قبل زیورخ سے ہی فیفا کے دو نائب صدور سمیت سات عہدیداروں کو امریکا میں جاری فراڈ اور بدعنوانی کی تحقیقات کے سلسلے میں حراست میں لیا گیا ۔

(جاری ہے)

امریکی حکام نے اب تک اس سلسلے میں 14 افراد پر منی لانڈرنگ، دھوکا دہی اور کمیشن لینے کے الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کی ہے ۔ان گرفتاریوں کے بعد انتخابات میں فیورٹ قرار دئیے جانے والے امیدوار سیپ بلاٹر کے استعفے کے مطالبات بھی سامنے آئے لیکن انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس سکینڈل کے لئے ذمہ دار نہیں ہیں۔ کامیابی کے بعد سیپ بلاٹر کا کہنا تھا کہ ان سمیت کوئی بھی شخص کامل نہیں ہوتا ہے مگر سب کو مل کر اچھے طریقے سے کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے یہ عندیہ بھی دیا کہ اس مرتبہ وہ آخر ی مدت کیلئے انتخابات میں شریک ہوئے ہیں اور ذمہ داری کو چھوڑنے سے قبل فیفا کو مضبوط پوزیشن پر پہنچانا چاہتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ فٹبال اور فیفا کی ساکھ کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں اور اب اسے روکنا ہو گا ۔

وقت اشاعت : 30/05/2015 - 11:35:11