پالی کیلے ٹیسٹ ، دوسری اننگز میں سری لنکا نے 5 کھلاڑی کھو کر 228 رنز بنا لیے

اتوار 5 جولائی 2015 17:45

پالی کیلے ٹیسٹ ، دوسری اننگز میں سری لنکا نے 5 کھلاڑی کھو کر 228 رنز بنا لیے

پالی کیلے(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5جولائی ۔2015ء ) سری لنکا کے خلاف کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی پوری ٹیم 215 رنز پر آؤٹ ہوگئی ہے جس کے بعد سری لنکا نے دن کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں مہمان ٹیم کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنالئے ہیں ۔ سری لنکا کے پالی کیلے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری میچ کے تیسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 215 رنز پر سمٹ گئی جس کے بعد میزبان ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو اس کے 4 کھلاڑی 80 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے ۔

پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے اوپننگ بلے باز ڈیموتھ کرارتنے 10 رنز بنا کر راحت علی کا شکار بنے جب کہ کشال سلوا 3 اور لھیرو تھرمانے بغیر کوئی رنزپویلین لوٹے، میزبان ٹیم کا سکور 80 تک پہنچا تھا تو اوپل تھرنگا 48 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔

(جاری ہے)

پانچویں وکٹ کی شراکت میں کپتان انجیلو میتھیوز اورجیہان مبارک نے 84 رنز کی شراکت قائم کی تو مبارک 35 رنز بنا کر یاسرشاہ کا شکار بن گئے ۔

ٹیم کا سکور 228 رنز ہوا تو امپائرز نے خراب روشنی کے باعث کھیل ختم کر نے کا اعلان کر دیا ، کپتان میتھیوز 77 اور چندی مل 39 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں اور سری لنکا کی پاکستان پر مجموعی برتری 291 رنز ہوچکی ہے ، پاکستان کی جانب سے راحت علی اور یاسر شاہ نے 2،2 جب کہ احسان عادل نے 1 وکٹ حاصل کی ۔ اس سے قبل تیسرے روز کھیل شروع ہوا تو پاکستان نے آئی لینڈرز کے خلاف 209 رنز 9 وکٹوں کے نقصان پراپنی نامکمل کا آغازکیا، سرفرازاحمد 70 جب کہ عمران خان 0 رنز کے ساتھ کریزپرموجود تھے۔

ٹیم کے مجموعی سکور میں ابھی صرف 6 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ عمران خان کی صورت میں ٹیم کا آخری کھلاڑی بھی آؤٹ ہوگیا۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز سرفراز احمد نے بنائے انہوں نے 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے پرساد ،پردیپ اور کوشل نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں ۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچز پرمشتمل ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر ہے ۔

وقت اشاعت : 05/07/2015 - 17:45:23