امریکی باکسر مے ویدر سے ڈبلیو بی او کی بیلٹ واپس لے لی گئی

منگل 7 جولائی 2015 21:36

امریکی باکسر مے ویدر سے ڈبلیو بی او کی بیلٹ واپس لے لی گئی

واشنگٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار7جولائی ۔2015ء ) امریکی باکسر مے ویدر سے ڈبلیو بی او کی بیلٹ واپس لے لی گئی ہے ، غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 38 سالہ مے ویدر کے پاس ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کی 2 لاکھ ڈالر کی منظوری کی رقم ادا کرنے کے لیے تین جولائی تک کا وقت تھا جسے وہ وقت پر نہ دے سکے۔ مے ویدر سے امید کی جا رہی تھی کہ وہ ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کا ٹائٹل چھوڑ دیں گے۔

انھوں نے مینی پیکیائو سے جیت کے بعد اس بات کا اعلان بھی کیا تھا۔ اس مقابلے کو دنیا کا سب سے مہنگا مقابلہ کہا گیا تھا اور اس نے 40 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کیا تھا۔ مے ویدر سے لی گئی بیلٹ اب ان کے ہم وطن ٹِموتھی بریڈلی کو دے دی جائے گی ۔ ورلڈ باکسنگ چیمپیئن شپ کی ویب سائٹ پر جاری کئے گئے بیان میں لکھا گیا تھا کہ ورلڈ باکسنگ چیمپیئن شپ کمیٹی کے پاس اور کوئی چارہ نہیں ہے، سوائے اس کے کہ وہ مے ویدر جونیئر سے ڈبلیو بی او ویلٹر ویٹ چیمپیئن کا اعزاز واپس لے ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ مے ویدر کے پاس اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے لئے 20 جولائی تک کا وقت ہے۔ مے ویدر سے امید کی جا رہی ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ سے پہلے ایک آخری میچ 12 ستمبر کو کھیلیں گے۔ انھوں نے ابھی تک اس میچ کے لئے اپنے حریف کا اعلان نہیں کیا۔ تاہم برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان ان سے میچ کو کھیلنے کے خواہش مند ہیں ۔

وقت اشاعت : 07/07/2015 - 21:36:31