فکسنگ الزامات پر پہلے خود کشی کرنیکا سوچا پھر انہوں نے خود کو مضبوط کیا اور اپنا کیس لڑنے کیلئے تیار کیا ،سری سانتھ

بدھ 29 جولائی 2015 13:32

فکسنگ الزامات پر پہلے خود کشی کرنیکا سوچا پھر انہوں نے خود کو مضبوط کیا اور اپنا کیس لڑنے کیلئے تیار کیا ،سری سانتھ

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ کیس میں بری ہونے والے بھارتی کرکٹر سری سانتھ نے کہا ہے کہ انہوں نے فکسنگ الزامات پر خود کشی کا بھی سوچا تھا لیکن پھر انہوں نے خود کو مضبوط کیا اور اپنا کیس لڑنے کے لئے تیار کیا۔ ایک اٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل میں فکسنگ الزامات میری زندگی کا سب سے مشکل دور تھا، اس دور میں گھر والوں کے علاوہ اور کسی نے ساتھ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ تہاڑ جیل میں ایک بار میں ان الزامات سے اتنا پریشان تھا کہ خود کشی کرنے کا سوچ لیا تھا لیکن شکر ہے کہ اب میں الزامات سے بری ہو چکا ہوں، یہ میرے لئے سب سے پرسکون وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب میں پھر سے بھارت کے لئے کرکٹ کھیلنے کے خواب دیکھ رہا ہوں۔

(جاری ہے)

میں جلد ہی بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر سے ملاقات کروں گا اور خود پر لگائی گئی پابندی اٹھائے جانے پر بات کروں گا۔

واضح رہے کہ سری سانتھ، اجیت چنڈیلا اور انکیت چوون تینوں آئی پی ایل فرنچائز راجستھان رائلز کے پلیئرز ہیں، 2013 میں آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ کیس میں تینوں کو گرفتار کیا گیا تھا، بی سی سی آئی نے تینوں کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن تین روز قبل نئی دہلی کی ٹرائل کورٹ نے تینوں کرکٹرز کو عدم ثبوتوں کی بنا پر بری کر دیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ فی الحال تینوں کھلاڑیوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا لیکن عدالت کی طرف سے بری قرار دیئے جانے کے بعد امکان اسی بات کا ہے کہ ان کھلاڑیوں پر عائد پابدی جلد ہی اٹھا لی جائیگی

وقت اشاعت : 29/07/2015 - 13:32:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :