انٹرڈسٹرکٹ ہاکی چمپئن شپ 14سے25اگست تک نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں ہوگی

جمعہ 31 جولائی 2015 11:24

انٹرڈسٹرکٹ ہاکی چمپئن شپ 14سے25اگست تک نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں ہوگی

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء)سپورٹس بورڈ پنجاب نے قومی کھیل ہاکی کی بحالی کیلئے انقلابی اقدام کا اعلان کیا ہے، جس سے ہاکی کے کھیل میں نوجوانوں کی دلچسپی میں اضافہ ہوگا اور نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا، سپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی کے کھیل کو ازسر نو فعال کرنے کیلئے انٹر ڈسٹرکٹ انڈر17بوائز ہاکی چمپئن شپ منعقدکر رہا ہے، چمپئن شپ 14سے25اگست تک نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں ہوگی،جس میں صوبہ بھر کے اضلاع کی ٹیمیں شرکت کریں گی، چمپئن شپ میں پہلی چار پوزیشنز حاصل کرنیوالی ٹیموں کو انعامات دیئے جائیں گے، اس کے علاوہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے کھلاڑیوں کو بھی کیش انعامات دیئے جائیں گے۔

اس سلسلہ میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور کی جانب سے تمام ضلعی سپورٹس افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، تمام ٹیموں کو 13اگست تک لاہور رپورٹ کرنیکی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انورکے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب نے کئی کھیلوں کو ازسرنو بحال کیا ہے جن میں کبڈی کا کھیل سب سے نمایاں ہے، کبڈی پنجاب کا روایتی کھیل ہے مگر اس کی سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے دم توڑ گیا تھا، سپورٹس بورڈ پنجاب نے کبڈی کے کھیل کو دوبار بحال کیا اور آج ہماری کبڈی ٹیم دنیا کی بہترین ٹیموں میں شامل ہے،ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ پنجاب حکومت سپورٹس پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اس کی تباہی برداشت نہیں کرسکتے،اس لئے سپورٹس بورڈ پنجاب انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپیئن شپ منعقدکرا رہاہے جس سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا،انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہاکی کے کھیل کو ایک بار پھر عروج پر پہنچا دیں گے اور پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا۔

وقت اشاعت : 31/07/2015 - 11:24:48