دوسرا ٹی ٹونٹی ، انور علی کے لاٹھی چارج نے فتح پاکستان کی جھولی میں ڈال دی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 1 اگست 2015 21:56

دوسرا ٹی ٹونٹی ، انور علی کے لاٹھی چارج نے فتح پاکستان کی جھولی میں ڈال دی

کولمبو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخباریکم اگست ۔2015ء ) دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو ایک وکٹ سے شکست دیکر ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز بھی اپنے نام کر لی ، کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی۔ پاکستان کی طرف سے انور علی نے باولنگ کا آغاز کیا۔ پہلے اوور میں سری لنکا نے سات رنز بنائے جبکہ دوسرے اوور میں کوشال پریرہ نے روایتی انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے دو چوکے لگائے۔

سری لنکا کی پہلی وکٹ چوبیس کے سکور پر گری جب دلشان 10 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ سری لنکا کو 32 رنز پر دوسری وکٹ کا نقصان پریرہ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب انہیں شعیب ملک نے کلین بولڈ کیا۔ سری لنکا کو 61 رنز پر تیسری وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جب شاہد آفریدی نے سلوا کو 14 رنزپر آؤٹ کر دیا۔

(جاری ہے)

مجموعی سکور میں تین رنز کے اضافے پر شعیب ملک نے تسارا پریرہ کو آؤٹ کیا اور وہ صرف ایک رن ہی بنا سکے۔

سری لنکا نے پانچویں وکٹ جے سوریا کی صورت میں گری جو عمدہ بیٹنگ کر رہے تھے اور 40 کے سکور پر سہیل تنویر کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ 145 کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی چھٹی گری۔ کپو گیدرا 48 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے 2 جب کہ سہیل تنویر، شاہد آفریدی ، انور علی اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ 173 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا دونوں اوپنرز تیسرے اوور میں 16 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔

احمد شہزاد 7 رنز بنا کر بینورا فرنینڈو کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ مختار احمد دوسرے میچ میں بھی ناکام رہے اور 7 رنز بنا کر فرنینڈو کی گیند پر ہی کیچ آوٹ ہوئے۔ حفیظ 11 اور عمر اکمل 4 رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے ۔ ثانیہ کی گراؤنڈ میں موجودگی کے باوجود شعیب ملک کا بلا رنز اگلنے میں ناکام رہا اور صرف 8 رنز بنا سکے اور پویلین جا بیھٹے ۔ اس موقع پر شاہد آفریدی نے لنکن باولرز پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے میدان کے چاروں جانب سٹروکس کھیلے ، ٹی ٹونٹی کپتان پینتالیس رنز بنا کر آوٹ ہوگئے ، محمد رضوان کے سترہ رنز پر آوٹ ہونے کے بعد ایسا لگنے لگا کہ میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا ہے تاہم انور علی اور عماد وسیم نے ہمت نہ ہارتے ہوئے جیت کی جانب سفر رکھا جس دوران انور علی نے لنکن باولرز پر لاٹھی چارج کر دیا ، انور علی محض 17 گیندوں پر چھیالیس رنز بنا کر پوویلین لوٹے ، آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے چھ رنز درکار تھے ، پہلی گیند پر محمد عرفان نے سنگل لی جس کے بعد دوسری گیند پر عماد وسیم نے چھکا لگا کر فتح پاکستان کی جھولی میں ڈال دی ، اس فتح کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم ٹی ٹونٹی رینکنگ میں 5ویں سے تیسری پوزیشن پر آگئی ہے ، انور علی کو انکی شاندار بلے باز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ، واضح رہے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 29 رنز سے شکست دی تھی ۔

وقت اشاعت : 01/08/2015 - 21:56:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :