وفاقی دارالحکومت میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ سرپرستی کی ضرورت ہے ، نومنتخب صدر سلیم چوہدری

اتوار 2 اگست 2015 13:10

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 اگست۔2015ء) اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر محمد سلیم چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ سرپرستی کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل کونسل کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومت اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا ، کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے اور عہدیداروں کو نیک نیتی سے کام کرنا ہوگا، اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرے گی اوراسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن میں تمام ارکان کو ساتھ لے کرچلوں گا، سلیم چوہدری نے کہا کہ تنظیمیں کسی فرد واحدنہیں ہوتی بلکہ تمام ممبران کی ہوتیں ہے اور امیدہے کہ تمام ارکان کو نیک نیتی سے کام کریں گے ،سید شرافت حسین بخاری نے کہا کہ اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے سابق صدر ڈاکٹر فضل الرحمن کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا ساتھ دینا وقت کی اہم ضرورت تھی کیونکہ عرصہ دو سال سے اسلام آباد میں کوئی فٹ بال لیگ تک نہیں ہوئی اوراس کی مثال یہ ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے دوران ڈاکٹر فضل الرحمن کو ایک بھی کلب نے ووٹ نہیں دیا، اس موقع پر محمد عرفان خان نیازی، محمد زمان ، سیدذاکر حسین نقوی اور رانا تنویراحمد نے بھی خطاب کیا۔

وقت اشاعت : 02/08/2015 - 13:10:56