دورہ سی لنکا میں کھلاڑیوں کی سوچ میں مثبت تبدیلی آئی ہے، وقار یونس

اتوار 2 اگست 2015 21:59

دورہ سی لنکا میں کھلاڑیوں کی سوچ میں مثبت تبدیلی آئی ہے، وقار یونس

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 اگست۔2015ء)پاکستانی ٹیم کے کوچ وقار یونس نے دورہ سری لنکا میں میزبان ٹیم کیخلاف تینوں فارمیٹ میں فتح کھلاڑیوں کی مثبت اور جارحانہ سوچ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔کولمبو میں غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مکمل دورے میں فتح کے بعد میں یہ تو نہیں کہوں گا کہ ہم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتے ہیں لیکن ہم درست سمت میں گامزن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے میں سب سے اچھی چیز یہ تھی کہ کھلاڑیوں کی سوچ میں مثبت تبدیلی آئی ہے اور وہ مثبت کرکٹ کھیلنے لگے ہیں۔وقار نے ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کی حالیہ فتوحات اور ٹیم کی عالمی ٹیسٹ درجہ بندی میں تیسری پوزیشن پر موجودگی کی وجہ ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے بہترین امتزاج کو قرار دیا۔

(جاری ہے)

وقار کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ہم ٹیسٹ میں مکمل سیٹ ہو چکے ہیں جہاں سینئرز اپنے جونیئرز کی مکمل حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور ہر کوئی جانتا ہے کہ اسے کیا کردار ادا کرنا ہے۔

اس موقع پر پر انہوں نے ٹیسٹ سیریز کے بہترین کھلاڑی یاسر شاہ، تجربہ کار یونس خان اور نوجوان شان مسعود کی کارکردگی کی بھی پذیرائی کی۔ایک روزہ میچوں میں فتح کا ذکر کرتے ہوئے ماضی کے مایہ ناز فاسٹ باوٴلر نے کہا کہ ٹیم میں نئے خون کو متعارف کرانے سے پاکستان کی فیلڈنگ میں بہتری کے ساتھ ساتھ آہستہ کھیلنے کی سوچ کے خاتمے میں مدد ملی۔اظہر علی، سرفراز احمد، محمد رضوان اور انور علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ متعارف ہونے کے بعد ایک روزہ کرکٹ میں تیز رن ریٹ سے اسکور اور دیگر تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہم نے عالمی کرکٹ میں ہونے والی تبدیلیوں کو اپنا لیا ہے کہ اگر اچھی گیند ملے تو اسے ہٹ کرنا ہے۔ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ٹیم کی فتح کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم عالمی درجہ بندی میں نویں سے آٹھویں نمبر پر پہنچ گئی ہے جس کے ساتھ ہی ٹیم نے 2017 چیمپیئنز ٹرافی میں رسائی یقینی بنا لی ہے۔پاکستانی ٹیم اب ستمبر کے آخر میں زمبابوبے کا دورہ کرے گی جہاں وہ ود ٹی ٹوئنٹی میچوں کے بعد تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز بھی کھیلے گی۔

وقت اشاعت : 02/08/2015 - 21:59:52