جمیکا کے یوسین بولٹ دو سو میٹر کے بھی عالمی چیمپیئن بن گئے

جمعرات 27 اگست 2015 20:51

جمیکا کے یوسین بولٹ دو سو میٹر کے بھی عالمی چیمپیئن بن گئے

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) جمیکین اتھلیٹ یوسین بولٹ مردوں کی200 میٹر ریس کے بھی عالمی لمی چیمپیئن بن گئے،عالمی ایتھلیٹکس مقابلوں میں بولٹ نے مقررہ فاصلہ 19.55سیکنڈ میں طے کیا۔ جمعرات کی شب ہونے والے مقابلے میں جمیکا سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ بولٹ نے مقررہ فاصلہ 19.55 سیکنڈ میں طے کر کے نہ صرف طلائی تمغہ جیتا بلکہ عالمی چیمپیئن بھی بن گئے۔

ان کے قریب ترین حریف امریکہ کے 33 سالہ جسٹن گیٹلن رہے جنھوں نے مقررہ فاصلہ 19.74 سیکنڈز میں طے کیا اور نقرئی تمغہ جیتا۔اس ریس میں جنوبی افریقہ کے ایتھلیٹ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔یہ ایتھلیٹکس کے عالمی مقابلوں میں بولٹ کا دسواں طلائی تمغہ ہے۔ ان دس تمغوں میں سے دو انھوں نے رواں برس سو میٹر اور دو سو میٹر کی دوڑ میں حاصل کیے ہیں۔

(جاری ہے)

گذشتہ اتوار کو ہونے والی سو میٹر کی دوڑ میں یوسین بولٹ نے ایک سخت مقابلے کے بعد جسٹس گیٹلن کو شکست دی تھی۔

رواں برس اس عالمی ایونٹ میں ان دونوں کے باہمی مقابلے ایتھلیٹکس میں اعزازات حاصل کرنے والے ایتھلیٹس کی جانب سے ممنوعہ ادویات کے استعمال کی حالیہ خبروں کے بعد بھی اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔جہاں یوسین بولٹ پر کبھی بھی اس قسم کی قوت بخش ادویہ کے استعمال کا الزام نہیں لگا وہیں جسٹن گیٹلن ایسی ادویات کے استعمال کرنے کی وجہ سے پابندی کا شکار رہ چکے ہیں۔گیٹلن نے سنہ 2004 اولمپکس اور 2005 کی عالمی چیمپیئن شپ میں 100 میٹر دوڑ میں طلائی کا تمغہ جیتا تھا لیکن وہ 2006 سے 2010 تک دو بار ممنوعہ ادویات کیاستعمال کی وجہ سے پابندیوں کا سامنا کر چکے ہیں۔

وقت اشاعت : 27/08/2015 - 20:51:22