اننگز کے آغاز کا فیصلہ خود کیا اور اب ون ڈے کرکٹ میں میرا کردار تبدیل ہو چکا،اظہر علی

جمعہ 28 اگست 2015 12:45

اننگز کے آغاز کا فیصلہ خود کیا اور اب ون ڈے کرکٹ میں میرا کردار تبدیل ہو چکا،اظہر علی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) قومی ون ڈے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ اننگز کے آغاز کا فیصلہ خود کیا اور اب ون ڈے کرکٹ میں میرا کردار تبدیل ہو چکا، اپنی کارکردگی سے مکمل مطمئن ہوں، ون ڈے ٹیم کی کپتانی نے جارحانہ حکمت عملی اختیار کرنے پر اکسایا۔اپنے ایک انٹرویو میں اظہر علی نے ون ڈے میچوں میں بہتر کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ آنے والے عرصے میں بھی ان کا کھیل نمایاں رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت کے حوالے سے انہیں میڈیا اور عوام کی بھرپور حمایت حاصل نہیں ہو سکی حالانکہ ان کا ایوریج اتنا زیادہ خراب بھی نہیں تھا لیکن ان کے دل میں یہ بات موجود تھی کہ موقع ملنے پر یہ تاثر غلط ثابت کر دیں گے کہ وہ ون ڈے کرکٹ کامیابی کے ساتھ نہیں کھیل سکتے جس کیلئے انہوں نے سخت محنت کے ساتھ خود کو تیار رکھا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ون ڈے کرکٹ میں ماضی کے برعکس ان کا کردار تبدیل ہو گیا ہے کیونکہ اب دو نئی گیندوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور شکر ہے کہ انہوں نے خود کو جلد ہی ماحول سے ہم آہنگ کر لیا۔ اظہرعلی نے اعتراف کیا کہ ان کا اسٹرائیک ریٹ اب بھی بہت اچھا نہیں لیکن یہ ساتھی کھلاڑیوں کے مقابلے میں بہت زیادہ کم بھی نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اننگز کے آغاز کیلئے ان پر کسی نے دباوٴ نہیں ڈالا بلکہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ تھا جس کی ٹیم انتظامیہ اور کوچنگ اسٹاف نے بھی حمایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل انہوں نے پین ٹنگولر کپ میچوں میں بھی اپنی ٹیم کی جانب سے اننگز اوپن کی تھی جس کی وجہ سے انہیں زیادہ مشکل پیش نہیں آئی اور اسی وقت انہوں نے سوچا کہ اپنی اسی مثبت اپروچ کو انٹرنیشنل سطح پر کیوں نہ آزمایا جائے اور شکر ہے کہ یہ فیصلہ غلط ثابت نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ون ڈے ٹیم کی کپتانی نے بھی انہیں جارحانہ حکمت عملی اختیار کرنے پر اکسایا ہے۔

وقت اشاعت : 28/08/2015 - 12:45:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :