آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 59 رنز سے شکست دے کر 0-1 کی برتری حاصل کر لی

آسٹریلیا کے میتھیو ویڈ کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

جمعہ 4 ستمبر 2015 21:11

ساؤتھ ایمپٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 59 رنز سے شکست دے کر 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔انگلینڈ کے شہر ساؤتھ ایمپٹن کے دی روز باؤل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوئے برنس اور ڈیوڈ وارنر نے اپنی ٹیم کو 76 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

44 کے انفرادی اسکور پر جوئے برنس اسپنر عادل راشد کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ جوئے برنس کے بعد آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ وکٹ پر آئے اور وارنر کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 133 رنز تک پہنچا دیا، وارنر بھی 59 رنز بنا کر عادل راشد کی گیند پر کرس ووکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اسمتھ تھے جو ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جارج بیلے نے 16 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز کھیلی۔ میکسویل اور شین واٹسن متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 15 اور 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ایک موقع پر آسٹریلیا کے 6 کھلاڑی 193 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے لیکن اس کے بعد وکٹ کیپر بلے باز میتھیو ویڈ اور مچل مارش نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور مقررہ 50 اوورز میں 305 رنز تک پہنچا دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 71 اور 40 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے عادل راشد سب سے کامیاب بالر رہے، انہوں نے 59 رنز کے عوض 4 وکٹ حاصل کئے جب کہ ایک وکٹ مارک ہوڈ کے حصے میں آئی اور ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز جیسن روئے اور ایلکس ہیلز نے ٹیم کو 70 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

انگلینڈ کو دوسرا نقصان 112 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب جیسن روئے 67 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد جیمز ٹیلر نے کپتان این مورگن کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 152 رنز تک پہنچا دیا اور 49 کے انفرادی اسکور پر ٹیلر واٹسن کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔انگلش قائد بھی 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے لیکن اس کے بعد آنے والے کھلاڑی اچھا کھیل نہ پیش کر سکے اور پوری ٹیم 46 ویں اوور میں 246 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔آسٹریلیا کے میتھیو ویڈ کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

وقت اشاعت : 04/09/2015 - 21:11:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :