کاؤنٹی کرکٹ آف سپنر سعید اجمل کیلیے ڈراؤنا خواب بن گئی

ہفتہ 5 ستمبر 2015 11:13

کاؤنٹی کرکٹ آف سپنر سعید اجمل کیلیے ڈراؤنا خواب بن گئی

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5ستمبر ۔2015ء ) انگلش کاؤنٹی کرکٹ سعید اجمل کیلیے ڈراؤنا خواب بن گئی ، گزشتہ سیزن میں 16.47 کی اوسط سے 63 شکار کرکے ووسٹر شائرکو ڈویژن ون میں ترقی دلانے والے پاکستانی آف سپنر اس بار 55.62 کی بدترین ایوریج سے صرف 16وکٹیں ہی حاصل کرپائے . تفصیلات کے مطابق ایکشن کی اصلاح کے بعد سعید اجمل کی بولنگ میں پہلے جیسا دم خم نظر نہیں آرہا، ماضی اور حال کی کارکردگی میں زمین آسمان کا فرق آف سپنر کا کیریئر روبہ زوال ہونے کی نشاندہی کرنے لگا، گذشتہ سیزن میں ان کی شاندار کارکردگی نے ووسٹر شائر کو ڈویژن ون میں ترقی دلادی تھی ، انھوں نے مجموعی طور پر 9میچز میں صرف 16.47 کی اوسط سے 63 شکارکیے تھے، ان کی بہترین بولنگ 19 رنز کے عوض 7 وکٹیں تھی ، ٹیم کا کوئی اور بولر پاکستانی سپنر کی ہمسری نہیں کرسکا تھا، مگر اب صورتحال مختلف ہے ۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز ووسٹر شائر کو سسیکس کے ہاتھوں اننگز اور 63رنز سے خفت اٹھانا پڑی، ناکام ٹیم پہلی اننگز میں 210رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی،جواب میں فاتح سائیڈ نے صرف 5وکٹ پر 510رنز کا پہاڑ کھڑا کیا،سعید اجمل 32اوورز میں 114رنز دینے کے باوجود وکٹ نہ حاصل کر پائے ، ووسٹرشائر کی دوسری اننگز 237تک محدود رہی اور ٹیم کی ڈویژن ٹو میں تنزلی کے آثار بھی نمایاں ہونے لگے ہیں ، آخری کوشش کے طور پر کاؤنٹی نے سعید اجمل کی جگہ ویسٹ انڈین پیسر شینن گبریئل کو شامل کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا تاہم سپنر کا اصرار ہے کہ وہ معاہدے کی مدت ختم ہونے پر وطن واپس آرہے ہیں اور قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں افادیت ثابت کردیں گے ۔

وقت اشاعت : 05/09/2015 - 11:13:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :