آئی ٹی ایف فیوچر ٹورپروگرام انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ ، تینوں پاکستانی دوسرے راوٴنڈ سے باہر

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 12:11

آئی ٹی ایف فیوچر ٹورپروگرام انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ ، تینوں پاکستانی دوسرے راوٴنڈ سے باہر

استنبول(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء) آئی ٹی ایف فیوچر ٹورپروگرام انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ میں تینوں پاکستانی دوسرے راوٴنڈ سے باہر ہوگئے۔ ترکی کے شہر انتالیا میں جاری 10 ہزار ڈالر انعامی رقم کے ٹورنامنٹ میں وائلڈ کارڈ انٹری کی بدولت جگہ بنانے والے پاکستانی سامر افتخار، عقیل خان اور عابد علی اکبر کا سفر دوسرے راوٴنڈ سے آگے نہ بڑھ سکا،ابتدائی میچ میں 6 سیڈ کو اپ سیٹ شکست دینے والے سامر افتخار کو دوسرے راوٴنڈ میں انگلینڈ کے مارک وائٹ ہاوٴس نے اسٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 4-6 سے شکست دی۔

قومی نمبر ون عقیل خان انگلینڈ کے ہی لیام بروڈے کیخلاف تھوڑی مزاحمت بھی نہ کرسکے اور 1-6 اور 0-6 سے ہار گئے۔سامر افتخار کو انگلش حریف مارک وائٹ ہاوٴس نے اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی، عقیل خان بھی لیام بروڈے کیخلاف اسی مارجن سے ناکام رہے، عابد علی اکبر فٹنس مسائل کی وجہ سے میچ ادھورا چھوڑنے پر مجبور ہوگئے، ڈبلز کوارٹر فائنل سے عقیل اور عابد علی اکبر نے دستبرداری اختیار کرلی۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں شریک پاکستان کے تیسرے کھلاڑی عابد علی اکبر بیلجیئم کے الیگزینڈر فیولی کیخلاف 0-4 سے خسارے میں جارہے تھے کہ فٹنس مسائل کی وجہ سے دستبرداری اختیار کرلی، جس کی بدولت حریف پلیئر کو کوارٹر فائنل میں رسائی مل گئی۔ یادرہے کہ پاکستانی پیئر نے ڈبلز مقابلوں میں بھی شرکت کی تھی، عقیل خان اور عابد علی اکبر کی جوڑی نے ابتدائی میچ میں فتح کے بعد کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ گذشتہ روز سنگلز میں شرکت کے بعد وہ اس قدر تھک چکے تھے کہ ڈبلز میچ سے دستبرداری اختیار کرنا پڑی۔

وقت اشاعت : 03/10/2015 - 12:11:23