دوسرا گورنر آل پاکستان جونیئر ٹیبل ٹینس چمپئن شپ پشاور میں شروع ہوگئی

بدھ 7 اکتوبر 2015 16:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء)دوسرا گورنر آل پاکستان اوپن جونیئر ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ پشاور میں شروع ہوگئی ۔جس میں ملک بھر سے 80 کے قریب میل و فمیل کھلاڑی شرکت کررہے ہیں جس میں 24 سپیشل کھلاڑی بھی شامل ہیں ۔ پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن اور صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پشاور میں جونیئر اور اوپن ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ شروع ہوگئی ‘مقابلوں کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز پشاور قیوم سپورٹس کمپلیکس کے لالہ رفیق سپورٹس ایرینا میں منعقد ہوئی اس موقع پر سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ صدر صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن عظمت حنیف اورکزئی ‘پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کفایت اللہ خان ‘ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود ‘صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ذوالفقار بٹ ‘صوبائی ریسلنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عبدالقیوم شینواری ‘صوبائی سوئمنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری محمد آصف اورکزئی ‘سوات ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر اظہر احمد ‘انٹرنیشنل ٹیکنیکل آفیشل محمد سلیم ‘نادر خواجہ‘ عاصم شیراز اوردیگر شخصیات موجود تھیں‘سابق صوبائی وزیرکھیل سید عاقل شاہ نے باقاعدہ طور پر مقابلوں کا افتتاح کیا اس موقع پر نمائشی میچ عبداللہ اور اعجاز (وہیل چیئر) پر ہوا جس میں عبداللہ نے کامیابی حاصل کی جس کے بعد باقاعدہ طور پر مقابلوں کا آغاز ہوگیا یہ مقابلے تین روز پشاور میں جاری رہیں گے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ پشاور میں جلد از جلد سپورٹس سیمینار منعقد کرایا جائے جس میں اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سمیت صحافیوں اور دیگر سپورٹس آرگنائزرز کو دعوت دی جائے تا کہ انہیں خیبرپختونخوا میں کھیلوں بارے آگاہی فراہم کی جائے وہ گزشتہ روز پشاور میں قومی جونیئر ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ تین سال قبل نظر دوڑائی جائے تو ہم نے اپنے دور حکومت میں ریکارڈ کھیلوں کے مقابلے کرائے کھیلوں کے میدان ہر وقت آباد رہتے تھے جب صوبہ دہشت گردی کی لپیٹ میں تھا تب پشاور میں قومی کھیلوں ‘انٹرنیشنل ریسلنگ مقابلوں کا انعقاد کرایا گیا اور اس کے ساتھ جاپان کے انوکھی کو یہاں بلوا کر ریسلنگ کے مقابلے کرائے گئے جسے پوری دنیا میں پذیرائی ملی مگر تین سال سے صوبہ بھر میں کھیلوں کے میدان ویران ہیں اور کوئی ایونٹس نہیں ہورہے فنڈز کے بارے میں بھی کچھ معلوم نہیں‘اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو ہنگامی اقدامات کرنا ہونگے اور کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے ٹھوس کام کرنا ہوں گے ۔

وقت اشاعت : 07/10/2015 - 16:56:35