یونس کو 10 ہزار ٹیسٹ رنز بناتے دیکھنے کا خواہش مند ہوں ، جاوید میانداد

ہفتہ 10 اکتوبر 2015 12:05

یونس کو 10 ہزار ٹیسٹ رنز بناتے دیکھنے کا خواہش مند ہوں ، جاوید میانداد

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار10اکتوبر۔2015ء ) سابق کپتان جاوید میانداد نے اپنا ریکارڈ توڑنے کے لیے کوشاں یونس خان کو پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ کرے وہ ٹیسٹ میں 10 ہزار رنز کا سنگ میل بھی عبور کرلیں ۔ میانداد نے کہاکہ ان کی دعائیں یونس کے ساتھ ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ یونس نا صرف ان کا ریکارڈ توڑیں بلکہ ٹیسٹ میں 10 ہزار رنز بھی بنائیں ، اگر ایسا ہوا تو انہیں بہت خوشی ہو گی ۔

میانداد کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ میں ریکارڈز بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں لیکن بعض ناقابل فراموش ہوتے ہیں ، واضح رہے کہ یونس خان کو پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 8832 رنز بنانے والے جاوید میانداد کا ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لیے مزید 19 رنز درکار ہیں ، سابق سٹار نے یہ کارنامہ 124 میچز میں انجام دیا تھا جب کہ یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں 54.07 کی اوسط سے8814 رنز جوڑے ہیں ۔

(جاری ہے)

جاوید میانداد کے بعد سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق 8829 رنز بناکر دوسرے نمبر پر ہیں، یونس خان کو پہلی پوزیشن حاصل کرنے سے قبل انضمام الحق کا ریکارڈ برابر کرنے کے یے 15 رنز کی ضرورت ہے، متعدد ریکارڈز کے حامل یونس خان نے قبل ازیں جاوید میانداد کی جانب سے پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 150 رنز کی اننگزکا ریکارڈ بھی توڑا تھا ۔

یونس خان ڈان بریڈمین کا 30 سنچریوں کا سنگ میل عبور کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کرچکے ہیں ، 29 نومبر 1977ء کو خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں پیدا ہونے والے رائٹ ہینڈر بیٹسمین 101 ٹیسٹ میچز کی 180 اننگز میں17 مرتبہ ناٹ آؤٹ رہے ہیں جب کے ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا بہترین سکور 313 رنز رہا ، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 29 ففٹیز بھی جوڑ چکے ہیں ۔

وقت اشاعت : 10/10/2015 - 12:05:21