ورلڈ انڈر18-سنوکر کپ میں پاکستان کے عبدالرحیم سیمی فائنل میں پہنچ گئے

ہفتہ 10 اکتوبر 2015 12:12

ورلڈ انڈر18-سنوکر کپ میں پاکستان کے عبدالرحیم سیمی فائنل میں پہنچ گئے

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 اکتوبر۔2015ء)روس کے تاریخی شہر سینٹ پیٹرز برگ میں جاری آئی بی ایس اے ورلڈ جونیئر انڈر18-سنوکرکپ چمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑی عبدالرحیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ انہوں نے جمعہ کو دو اہم میچز کھیلے اور دونوں میں کامیابی حاصل کی ۔پر ی کوارٹر فائنل میں انہوں نے ایران کے کھلاڑی ارمان اتاشوک خان کو4-0(69-62، 70-38،88-77اور 65-39)سے شکست دی اور پھر شام کو ویلز کے کھلاڑی ٹائیلرز ریس کو 4-3سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

پاکستان کے عبدالرحیم اور محمد ثاقب نے اپنے اپنے گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے پر پہلے16 سیڈڈ کھلاڑیوں کی سیڈنگ حاصل کی تھی ۔ تاہم محمد ثاقب اسرائیلی کھلاڑی عامر ناردیا سے3-0سے ہارنے کے بعد چیئمپیئن شپ سے باہر ہو گئے۔

(جاری ہے)

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں عبدالرحیم کا تعلق راولپنڈی سے ہے اور وہ پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے سابق ڈائریکٹر فنانس محمدغفران قریشی کیسب سے چھوٹے صاحبزادے ہیں۔

لیگ راؤنڈ کے پہلے میچ میں عبدالرحیم نے روس کے کراسوک کو 3-0سے، دوسرے میچ میں روس ہی کیویسیلی دیمیترنکو کو 3-0سے، تیسرے میچ میں فرانس کے نکولس مورتیوکس کو3-1سے اور چوتھے اور آخری لیگ میچ میں بھارت کے سیسیلی واس منگلا کو3-1سے شکست دی۔ دوسری جانب محمد ثاقب نے اپنے لیگ میچز میں روس کے سیمین پیچینتیکوف کو 3-0سے، روس کے کریل پیٹروف کو3-2سے، لیتھوانیا کے نیکیتاکول پیچنکوکو3-0سے اورایران کے عرفان نادری کو3-1سے شکست دی۔

ان میچوں میں دونوں پاکستانی کھلاڑیوں نے دو ، دو نصف سنچریاں بھی بنائیں۔ کوارٹر فائنل کو شائقین کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ پاکستان بلیرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (PBSA)کے صدر عالمگیر شیخ نے بھی دیکھا۔ انہوں نے عبدالرحیم کوویلز کے کھلاڑی کے خلاف کوارٹر فائنل جیتنے اور سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی۔سیمی فائنل میں پاکستان کے عبدالرحیم کا مقابلہ ہانگ کانگ کے منگ تنگ چین سے آج ہو گا، IBSFکی ویب سائٹ پر لائیو میچ دکھائے جا رہے ہیں۔ دوسرا سیمی فائنل ویلز اور ہانگ کانگ کے کھلاڑیوں کے مابین ہو گا۔ دونوں سیمی فائنل صبح ہوں گے جبکہ فائنل ہفتہ کی شام کھیلا جائیگا۔

وقت اشاعت : 10/10/2015 - 12:12:12