متنازعہ باؤلنگ ایکشن کے شکار آف سپنر بلال آصف کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

ہفتہ 10 اکتوبر 2015 16:30

متنازعہ باؤلنگ ایکشن کے شکار آف سپنر بلال آصف کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 اکتوبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے باؤلنگ ایکشن شکنجے میں پھنس جانے والے بلال آصف کو دوہری جاب والے آفیشلز کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا۔ این سی اے کے ہیڈ کوچ محمد اکرم سمیت ریویو کمیٹی ممبران باؤلر کے کیرئر سے گویا کھیلتے ہوئے اپنا مستقبل بنانے لگے۔

(جاری ہے)

آف سپنر بلال آصف کا بائیو مکینک ٹیسٹ انیس یا بیس اکتوبر کو ہونے کا امکان ہے ، آف سپنر کے باؤلنگ ایکشن پر کام کرنے کے لیے پی سی بی نے پانچ رکنی کمیٹی قائم کی لیکن اس کمیٹی کے ذیادہ تر ارکان پی سی بی ضابطے کے خلاف دوہری جاب کے باعث ملک میں موجود ہی نہیں ہیں۔

باؤلنگ کوچ مشتاق احمد اور ڈاکٹر سہیل سلیم قومی ٹیم کے ساتھ ابوظہبی میں ہیں جبکہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم بھی یو اے ای پہنچ چکے ہیں۔محمد اکرم بلال آصف کی رہنمائی کرنے کی بجائے پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز پر غیر ملکی چینل پر تبصرہ کرتے ہوئے دکھائی دیں گے۔ کرکٹ بورڈ کی "حسن کارکردگی" یہ بھی ہے کہ آئی سی سی کے ایلیٹ پینل امپائر علیم ڈار کو بھی ریویو کمیٹی میں شامل کرلیاتھا جنہوں نے انٹرنیشنل اسائنمنٹ کے باعث پیشکش ٹھکرا دی۔ ریویو کمیٹی ممبران میں سے واحد علی ضیاء ملک میں موجود ہیں۔

وقت اشاعت : 10/10/2015 - 16:30:07