رانجی ٹرافی ، بھارتی ڈومیسٹک ٹیم اڑیسہ محض 37 رنز پر ڈھیر

بدھ 25 نومبر 2015 11:18

رانجی ٹرافی ، بھارتی ڈومیسٹک ٹیم اڑیسہ محض 37 رنز پر ڈھیر

ناڈیا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 25نومبر- 2015ء) بنگال کرکٹ اکیڈمی گرائونڈ پر اڑیسہ اور بنگال کا چار روزہ رنجی ٹرافی میچ ڈیڑھ دن میں ختم ہوگیا ، میزبان نے حیران کن مقابلہ 133رنز سے جیت لیا ، وکٹ بیٹسمینوں کیلیے دہکتی ہوئی آگ ثابت ہوئی ، 171 کا ہدف پانے والی اڑیسہ کی ٹیم محض37رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ رانجی ٹرافی میں بنگال اور اڑیسہ کا چار روزہ میچ حیران کن طور پر ڈیڑھ دن میں میزبان ٹیم کی 133رنز سے فتح پر ختم ہوگیا ، پہلی مرتبہ کسی فرسٹ کلاس کی میزبانی کرنیوالے بنگال کرکٹ اکیڈمی گرائونڈ کی وکٹ بیٹسمینوں کیلیے تباہ کن ثابت ہوئی اور 171 کا ہدف پانے والی مہمان ٹیم دوسری اننگز میں 19.2 اوور میں محض 37رنز پر ڈھیر ہوگئی ، یہ ایونٹ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کا کمترین سکور بھی ریکارڈ ہوا ، میچ کے اختتام پر اڑیسہ کے کپتان نٹراج بیھیرا اور اڑیسہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ایسرباد بیھیرا نے میڈیا سے بات میں تصدیق کی کہ وہ خطرناک وکٹ کی باضابطہ شکایت بھارتی بورڈ سے کرینگے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے استفسارکیا کہ کیا فرسٹ کلاس میچ کیلیے ایسی وکٹ بنائی جاتی ہے ؟ یہاں مقابلہ ڈیڑھ دن میں ختم ہوگیا جس پر انہیں شدید مایوسی ہوئی ، ہم نے اس کی شکایت میچ ریفری شکتی سنگھ سے بھی کی اور اس کی رپورٹ بی سی سی آئی کو بھی بھیجی جائے گی ، اڑیسہ پہلی باری میں 107 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی ، عامر غنی نے 6 جب کہ اوجھا اورانوراگ تیواری نے 2،2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا تھا ، فاتح بنگال نے پہلی باری میں 142 اور دوسری کاوش میں 135 رنز جوڑے تھے ۔

وقت اشاعت : 25/11/2015 - 11:18:52