چھوٹے فارمیٹ میں کسی ٹیم کو چھوٹا نہیں سمجھ سکتے، آفریدی

جمعرات 26 نومبر 2015 15:56

چھوٹے فارمیٹ میں کسی ٹیم کو چھوٹا نہیں سمجھ سکتے، آفریدی

دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 26نومبر- 2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ اس کرکٹ کے چھوٹے فارمیٹ میں دنیا کی کسی بھی ٹیم کوچھوٹا یا کمزور نہیں سمجھ سکتے۔ زمبابوے کے خلاف ہمارے میچ سخت ہوئے ہیں۔ انگلینڈ کا شمار دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں ہوتا ہے۔ ورلڈ کلاس ٹیم کے خلاف جیت کے لئے موثر منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔

ساری ٹیم کو اس سیریز کی اہمیت کا اندازہ ہے۔وہ دبئی اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے کپتان مورگن کے ساتھ ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد پریس کانفر نس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ٹیسٹ میچ جیتے۔ ون ڈے میں انگلینڈ نے اچھا کم بیک کیا۔ ٹی20 فارمیٹ شروع ہورہا ہے اس لئے کوشش کریں گے کہ دورہ اچھے طریقے سے ختم ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گذشتہ چھ ٹی 20 میچ جیتے ہیں۔

(جاری ہے)

چھوٹی چھوٹی غلطیاں ہوئی ہیں لیکن ہم ایک طریقہ کار کے تحت جارہے ہیں۔ ایک دو تجربے کررہے ہیں، اس سیریز کے بعد تجربے کرنے کا موقع نہیں ہے۔ انگلینڈ لائینز کے خلاف پاکستان اے ٹیم کی جانب سے میچ کھیلنا چاہتاہوں۔ اس فارمیٹ میں جو ٹیم سب سے کم غلطی کرے گی وہ کامیابی حاصل کرے گی۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ جوز بٹلر کی دھواں دار بیٹنگ کے بارے میں کہا کہ وہ باصلاحیت کھلاڑی اور اچھی تفریح فراہم کرنے والے بیٹسمین ہیں۔

انہیں اچھی بولنگ کرکے ہی رنز بنانے سے روکنا ہوگا۔ ورلڈ کلاس ٹیم کے خلاف کار کردگی دکھانے اور جیت کے لئے پر جوش ہوں۔سیریز کو اچھا فنش کرنا چاہتے ہیں۔ رضوان کے بارے میں انہوں نےکہا کہ ہانگ کانگ کے خلاف میں نے سینئرز کو ریسٹ دیا تھا لیکن مجھےعلم ہے کہ کون سی ٹیم میدان میں اتارنا ہے۔ جمعرات کو آپ نئے اوپنر رفعت اللہ کو ایکشن میں دیکھیں گے۔ ہمارا ہدف اچھے کرکٹ کھیلنا ہے اور اچھا کھیل کر ہی ٹیم نمبر ایک بن سکتی ہے۔

وقت اشاعت : 26/11/2015 - 15:56:29