وینکٹیش پرساد نے بھارتی بورڈ کی اجازت کے بغیر پاکستان سپر لیگ کیلیے معاہدہ کیا

جمعرات 26 نومبر 2015 16:08

وینکٹیش پرساد نے بھارتی بورڈ کی اجازت کے بغیر پاکستان سپر لیگ کیلیے معاہدہ کیا

دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 26نومبر- 2015ء) انگلش کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اوٹس گبسن کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کے سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر اوربولنگ کوچ وینکٹش پرساد سے پاکستان سپر لیگ کے کوچز پینل کا معاہدہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلور سے تعلق رکھنے والے پرساد بھارتی کرکٹ بورڈ کی جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہیں اور تنخواہ دار سلیکٹر ہیں۔

اس لئے وہ ایک وقت میں دو کام نہیں کرسکتے۔ انہیں دوسری ملازمت کرنے کے لئے بھارتی کرکٹ کنٹرول سے پیشگی اجازت لینا چاہیے تھی لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کی اس حوالے سے سخت پالیسی ہے کہ اس سے بھاری تنخواہ لینے والا کرکٹر کوئی اور کام نہ کرے ۔

(جاری ہے)

بھارت کے کسی اور سلیکٹر کے پاس کوئی دوہری ذمے داری نہیں ہے ۔

بھارت میں تمام سلیکٹرز بورڈ کے ملازم ہوتے ہیں ۔ پاکستان سپر لیگ میں کوئی بھارتی کھلاڑی شرکت نہیں کررہا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جن کوچز کا اعلان کیا ہے ان میں سری لنکا کے عظیم اوپنر سنتھ جے سوریا اور آسٹریلیا کے سابق کوچ جان بیکانن بھی شامل ہیں۔ پی سی بی میڈیا ریلیز کے مطابق تینوں کوچز نے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔ کوچز کی خدمات فرنچائز حاصل کریں گی ۔ اس سے قبل انگلینڈ کے بولنگ کوچ اوٹس گبسن سپر لیگ سے معاہدے سے انکار کر چکے ہیں ۔

وقت اشاعت : 26/11/2015 - 16:08:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :