دوسراٹی ٹونٹی : قومی ٹیم کو سیریز میں بقاء کے چیلنج کا سامنا

جمعہ 27 نومبر 2015 15:28

دوسراٹی ٹونٹی : قومی ٹیم کو سیریز میں بقاء کے چیلنج کا سامنا

دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 27نومبر- 2015ء) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ آج دبئی میں ہی کھیلا جائے گا ۔ پہلے میچ میں بدترین شکست کے بعد پاکستان کو سیریز میں بقا کا چیلنج درپیش ہے ۔ فاتح انگلش ٹیم سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل آج دبئی میں ہی کھیلا جارہا ہے۔

پہلے میچ میں چودہ رنز کی شکست کے بعد پاکستان کو سیریز میں بقا کے چیلنج کا سامنا ہے۔ این مورگن الیون نے گذشتہ روز پہلے ٹی ٹونٹی میں آفریدی الیون کو کھیل کے ہرشعبے میں آوٹ کلاس کر دیا ۔ سیم بلنگز ، ڈیبیوٹینٹ جیمز ونس اور کپتان مورگن کے سامنے پاکستانی بولرز کی کوئی پیش نہ چلی تو ریس ٹوپلے اورلیام پلنکٹ نے بیٹنگ لائن کوتباہ کردیا ۔

(جاری ہے)

سیریز بچانے اور آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں دوسری پوزیشن کے تحفظ کیلئے پاکستان ٹیم کو آج لازمی فتح کی ضرورت ہے ۔ ون ڈے سیریز کے بعد پہلے ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی سے انگلش ٹیم کا مورال بلند ہے ۔ کپتان این مورگن کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں بدترین کارکردگی کے بعد محدود اوورز کی کرکٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کی حالیہ پرفارمنس انتہائی شاندار ہے ۔ تمام کھلاڑی دوسرا میچ جیت کرسیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے لئے پراعتماد ہیں ۔ ورلڈ ٹی ٹونٹی کے لئے مضبوط سکواڈ تشکیل دینے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔

وقت اشاعت : 27/11/2015 - 15:28:50